فوری طور پر جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں
جکارتہ۔/23 نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈو نیشیا کے یاپوا علاقہ میں آج شدید زلزلہ آیا تاہم اس کا مبداء آبادیوں سے دور تھا اس لئے سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ امریکی جیالوجیکل سروے نے بتایا کہ 6.1 شدت کا زلزلہ ریکٹر اسکیل پر ریکارڈ کیا گیا جس کی گہرائی دس کلو میٹر ( 6 میل ) تھی۔ بتایا گیا ہے کہ اُتھل یعنی زیادہ گہرائی نہ ہونے والے زلزلوں سے زیادہ نقصانات کا اندیشہ رہتا ہے۔ اندونیشیا کے محکمہ موسمیات میں زلزلے اور سونامی سنٹر کے سربراہ رحمت تریانو نے بتایا کہ زلزلہ سے سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زلزلہ سے فوری طور پر کسی کے زخمی ہونے یا کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مغربی پاپوا صوبہ کے دارالحکومت منوکوار کے بیشتر رہنے والوں نے زلزلے کو محسوس نہیں کیا۔ مغربی پاپوا صوبہ انڈونیشیا کا کثیر آبادی والا صوبہ ہے۔ انڈونیشیا کی آبادی260 ملین سے زیادہ ہے اور اس ملک کو زلزلے اور آتش فشا کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔ 2004 ء میں آئی سونامی کے باعث کئی ممالک میں دو لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد کی جانیں ضائع ہوئی تھیں جن میں بیشتر کا انڈونیشیا سے تعلق تھا۔