جکارتا: انڈونیشیا میں ایک شخص نے صرف 9 فٹ چوڑے پلاٹ پر پانچ منزلہ ہوٹل تعمیر کرکے اپنے علاقہ کو دنیا کی توجہ کا مرکز بنا دیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق دنیا کا سب سے کم چوڑا مگر پانچ منزلہ ہوٹل انڈونیشیا میں تعمیر کیا گیا ہے۔ اس ہوٹل کے مالک کے مطابق اس منفرد خیال سے ہوٹل تعمیر کرنے کا مقصد محض ریکارڈ قائم کرنا ہی نہیں تھا بلکہ اس چھوٹے سے علاقے کو عالمی توجہ دلانا بھی تھا۔ انڈونیشیا کے وسطی علاقہ جاوا کے سالاتیگا نامی شہر کے رہنے والے ایری اندرا نے پہلے خود تربیت حاصل کی اور بعد میں جکارتا اور سنگاپور میں پیشہ ور آرکیٹیکٹ کے طور پر کام کیا اور اس کے بعد اپنے علاقہ میں واپس آکر صرف 9 فٹ چوڑے پلاٹ پر پانچ منزلہ ہوٹل تعمیر کردیا۔ ہوٹل کے کمرے ایک ڈبل بیڈ ، شاور اور ٹوائلٹ کے ساتھ ایک چھوٹے باتھ روم پرمشتمل ہیں۔ مقامی فن اور انٹیریر کی بدولت ہر کمرے کا مشاہدہ بالکل مختلف ہے۔ ہوٹل کے مالک کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ سالاتیگا کا ایک نئے انداز سے تجربہ کریں۔ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ پِیٹو رومز کو چلاتے ہیں۔