تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نتن یاہو کے مشیر نے غزہ کی پٹی کے انڈونیشیا ہاسپٹل پرحملے کا دفاع کرتے ہوئے اسے حملے کو بین الاقوامی قانون کے مطابق قرار دیا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم کے مشیر اوفیر فالک نے پیر کو امریکی نیوز نیٹ ورک ’سی این این‘ کو دیے گئے انٹرویو میں مزید کہا کہ “شمالی غزہ میں انڈونیشیا ہاسپٹل میں اسرائیل کی فائرنگ متناسب اور آئین اور قانون کے مطابق تھی”۔انھوں نے مزید کہا کہ فوج “بین الاقوامی قانون، تناسب اور معیاری کارروائی کیلئے پرعزم ہے۔ ہمارا مقصد حماس کو ختم کرنا ہے،اس کیلئے جو ضروری ہوا ہم کریں گے اور غزہ میں ہماری کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کیے عین مطابق ہیں‘۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی افواج حماس کو تباہ کرنے کی کوششوں کے دوران عام شہریوں اور دہشت گرد عناصر کے درمیان واضح طور پر فرق کرتی ہیں۔فلسطینی خبر رساں ادارے کے مطابق ہاسپٹل کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری کے نتیجے میں 12 افراد شہید ہوگئے۔ فلسطینی حکام کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں مریض اور طبی عملہ بھی شامل ہے۔