انڈو پاک پوسٹ کیس:پونے کالج نے طالبہ کیلئے خصوصی امتحان کا انتظام کیا

   

ممبئی ، 29 مئی (یو این آئی) پونے میں ایک 19 سالہ طالبہ، جسے انڈو پاک تنازعہ پر سوشل میڈیا پوسٹ کے باعث پندرہ دن جیل میں رہنا پڑا، کو بمبئی ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد اس کے کالج نے امتحان دینے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ سنگھ گڑھ اکیڈمی آف انجینئرنگ نے ہائی کورٹ کے حکم پر طالبہ کے لیے الگ کلاس روم، خصوصی سپروائزر اور سیکیورٹی گارڈز کا بندوبست کیا ہے ، جبکہ اس کا داخلہ کارڈ جاری کر دیا گیا ہے اور وہ جمعرات کو امتحان میں شریک ہو گی۔بمبئی ہائی کورٹ نے اسے ضمانت دیتے ہوئے مہاراشٹر حکومت پر سخت ریمارکس دیے اور کہا کہ حکومت نے “لڑکی کی زندگی برباد کرنے ” اور اسے “سخت مجرم” بنانے کی کوشش کی۔ عدالت نے سنگھ گڑھ اکیڈمی آف انجینئرنگ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ اس نے جلد بازی میں طالبہ کو وضاحت کا موقع دیے بغیر معطل کر دیا۔ کالج کے پرنسپل کشور پاٹل نے بتایا کہ معزز ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق طالبہ کے امتحان کے لیے الگ کلاس روم کا انتظام کیا گیا ہے ، اس کا داخلہ کارڈ جاری کر دیا گیا ہے اور وہ جمعرات کو امتحان میں شریک ہو گی۔ کالج انتظامیہ کے مطابق، امتحان کے دوران ایک الگ سپروائزر مقرر کیا جائے گا اور طالبہ کی حفاظت کے لیے ایک مرد اور ایک خاتون سیکیورٹی گارڈ اس کے ساتھ ہوں گے ۔طالبہ کے چچا نے میڈیا کو بتایا کہ وہ جمعرات کو اپنا پیپر دے گی اور عدالت کے حکم کے مطابق کالج نے مناسب انتظامات کئے ہیں۔