انڈیا اتحاد کا اجلاس 19 دسمبر کو دہلی میں ہوگا: جے رام رمیش

   

نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے اعلان کیا کہ ’انڈیا‘ اتحاد کا چوتھا اجلاس منگل (19 دسمبر) کو منعقد ہوگا۔ پانچ ریاستوں میں انتخابات کے بعد انڈیا اتحاد کا یہ پہلا اجلاس ہوگا۔جے رام رمیش نے اتوار10 دسمبر کو ایکس پر پوسٹ میں لکھا، ’’انڈیا اتحاد میں شامل جماعتوں کے قائدین کا چوتھا اجلاس 19 دسمبر کو نئی دہلی میں سہ پہر 3 بجے سے منعقد ہوگا۔ جڑے گا بھارت، جیتے گا انڈیا۔’‘انڈیا کے اس مجوزہ اجلاس کے دوران نشستوں کی تقسیم پر بات چیت کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل مشترکہ انتخابی مہم پر بھی تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔ میڈیاکی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس اجلاس کیلئے اپوزیشن گروپ اتحاد کی تھیم ’’میں نہیں، ہم‘ ہوگی۔خیال رہے کہ پہلے یہ اجلاس 6 دسمبر کو منعقد ہونا تھا، تاہم مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور ٹاملنا ڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔ٹاملنا ڈوکے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے کہا کہ وہ ریاست میں مچونگ طوفان سے پیدا شدہ حالات سے نمٹ رہے ہیں۔ممتا بنرجی کے خاندان میں شادی تھی جبکہ نتیش کمار نے صحت کا حوالہ دیتے ہوئے اجلاس میں آنے سے انکار کر دیا تھا۔خیال رہے کہ 27 جماعتی اتحاد کا پچھلا اجلاس ستمبر میں ممبئی میں منعقد ہوا تھاجس میں رابطہ کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں۔ اجلاس کی میزبانی شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کی تھی۔اس اجلاس سے اچھی توقعات وابستہ ہیں ۔