انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہے : صدر سراج الدین قریشی کا تعزیتی جلسہ سے خطاب 

,

   

نئی دہلی : انڈیا اسلامک سنٹر میں پلوامہ میں جاں بحق ہونے والے جوانوں کی یاد میں ایک خصوصی تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا ۔ اس موقع پر سنٹر کے صدر سراج الدین قریشی نے کہا کہ پورا ملک اس وقت صدمہ میں ہے او ر ہر ہندوستانی شہری شہیدوں کو اپنے اپنے طریقہ سے خراج عقیدت پیش کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگ تو اپنے گھروں میں آرام سے ہے ، لیکن یہ محافظ دستے تومحاذ پر ڈٹے ہوئے ہیں ۔ وہ ہر دم خطرہ میں ہیں او رملک کی حفاظت کا ذمہ لئے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا اسلامک سنٹر ان شہداء کے گھر والوں کے اس دکھ کی گھڑی میں ساتھ کھڑا ہے ۔ او رہم کوشش کریں گے کہ ان تمام شہیدان وطن کے گھروں تک پہنچیں او رجو ہم سے ہوسکے ہم ان کی مدد کریں ۔ شہیدان وطن کو خراج عقیدت پیش کرتے وقت سراج الدین قریشی جذباتی ہوگئے ۔ مشہور نغمہ خواں علوینا قریشی نے اے میرے وطن کے لوگو ! پیش کر کے سامعین کو جذباتی کردیا ۔ اس موقع پر ۲؍منٹ کی خاموشی اختیار کر کے جاں بحق ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ سنٹر کے نائب صدر ایس ایم خان نے کہا کہ پلوامہ میں ہمارے جو ۴۴؍ جوان شہید ہوئے ہیں ان کاتعلق ملک کی ۱۶؍ ریاستوں سے ہے ۔ لہذا پورا ملک اس وقت غم و غصہ میں ہے ۔

اجئے چودھری نے کہا کہ ہمارے سکیورٹی جوانو ں پر جو حملہ ہوا ہے وہ تو دہشت گردی ہے او راس حملہ کے بعد جو لوگ ملک بھر میں کشمیری طلبہ کو پریشان کررہے ہیں یہ بھی دہشت گردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کشمیریوں کی حفاظت کریں او رانہیں اجنبیت کا احساس نہ ہونے دیں ۔