انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر ملت کی امانت :محمد ہدایت اللہ

   

نئی دہلی: انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر (آئی آئی سی سی) کی شان کو دوبالا کرنے کا عہد کرتے ہوئے سماجی کارکن، دہلی پردیش کانگریس سوشل میڈیا کے چیرمین اور آئی آئی سی سی کے ایگزی کیوٹیو کمیٹی کے رکن کے امیدوار محمد ہدایت اللہ جنٹل نے کہاکہ اسلامک سنٹر ملت کی امانت ہے اور اس سے پوری قوم کی امید یں وابستہ ہیں اور وہ اس لئے اس کا فعال کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامک سنٹر محض ایک ادارہ نہیں بلکہ ہماری وراثت ہے اور الیکشن کے دوران اس کے وقار کو ٹھیس پہنچانے کی کوئی کوشش ہرگز نہیں کی جانی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ مسلمانوں کا واحد سنٹر ہے جس کے رکن پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں، اعلی افسران، مسلم لیڈران، سیاسی قائد، ججز، وکلاء،سول سروسز کے افسران اور تمام شعہ بائے حیات سے وابستہ سرکردہ افراد تک اس کے رکن ہیں۔ اس باوقار اور پرشکوہ اسلامک سنٹر کے سرپرستوں اور بنیاد گزاروں میں جسٹس ایم ہدایت اللہ، نائب صدر جمہوریہ ہند، حکیم عبدالحمید، مفتی عتیق الرحمان،بدرالدین طیب جی، بیگم عابدہ احمد، سید شفیع، جی نقشبندی،چودھری عارف اور موسی رضا جیسی مقتدر شخصیات رہی ہیں۔
اس وقت بھی مسلمانوں کے مایہ نازافراد اس کے رکن اور عہدیداروں میں شامل ہیں۔