انڈیا الائنس کے ممبران پارلیمنٹ کا الیکشن کمیشن تک مارچ

   

نئی دہلی، 10 اگست (یو این آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کے الیکشن کمیشن پر ووٹ چوری کا الزام لگانے کے بعد، انڈیا الائنس کے رہنما پیر کو پارلیمنٹ سے الیکشن آفس تک مارچ کریں گے ۔انڈیا الائنس کی اہم اتحادی پارٹی کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول نے براہ راست الزام لگایا ہے کہ الیکشن کمیشن ووٹ چوری کرنے کیلئے بی جے پی کیساتھ سازش کر رہا ہے اور اس سے بی جے پی کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔ راہول کی رہائش گاہ پر گزشتہ ہفتے منعقدہ عشائیہ میں اس موضوع پر بات چیت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ اتحادی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ اس مسئلہ پر پارلیمنٹ ہاؤس سے الیکشن کمیشن کے دفتر تک مارچ کریں گے۔