کابل : طالبان لیڈر اور افغانستان کے وزیرداخلہ سراج الدین حقانی نے ہندوستان اور افغانستان کے درمیان کرکٹ روابط کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کا ملک مختلف نامساعد حالات کے سبب اِس کھیل میں اپنی حقیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کرپایا ہے۔ اُنھوں نے ہندوستانی نیوز چیانل کو خصوصی انٹرویو میں کہاکہ یہ کھیل نوجوانوں بالخصوص کم عمر لڑکوں کو کافی پسند ہے۔ ہم پرامن حالات دستیاب ہوتے رہیں تو اِس کھیل میں ترقی کرسکتے ہیں۔ افغان کرکٹ ٹیم میں ہندوستانی کھلاڑیوں کے داخلے کے امکان پر حقانی نے کہاکہ یہ اچھا خیال ہے۔ اِس سے دونوں ملکوں کے درمیان کھیل کود کے روابط کو فروغ حاصل ہوگا۔اُنھوں نے مثبت اقدامات کا تیقن دیا۔