انڈیا نے جاپان کو 5-0 سے ہرایا، چمپئنز ٹرافی فائنل میں رسائی

   

چنئی: ہندوستانی ہاکی ٹیم نے جاپان کو سیمی فائنل میں یک طرفہ مقابلے میں شکست دے کر ایشین چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ پورے ٹورنمنٹ میں شاندار مظاہرہ پیش کرنے والی میزبان ٹیم نے 5 ویں مرتبہ چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں جگہ بنائی اور وہ اپنا چوتھا خطاب جیتنے کوشاں ہے۔ ہفتہ کی شام فائنل میں ہندوستان اور ملیشیا کا مقابلہ ہورہا ہے۔ ملیشیا نے دیگر سیمی فائنل میں ڈیفنڈنگ چمپئنز ساؤتھ کوریا کو شکست دی۔ گزشتہ روز چنئی میں ہندوستان نے جاپان کے خلاف 5-0 سے زبردست جیت درج کرائی۔ ہندوستان نے اس پورے ٹورنمنٹ میں دھوم مچائی ہے۔ ٹیم انڈیا نے لیگ مرحلے میں پانچ میں سے چار میچ جیتے جبکہ جاپان کے خلاف ڈرا کھیلا تھا۔ ہندوستانی ٹیم کیلئے میچ میں آکاش دیپ نے پہلے کوارٹر کے 19ویں منٹ میں گول کیا۔ انہوں نے ہاردک کے پاس کو گول پوسٹ میں پہنچانے میں کوئی غلطی نہیں کی۔ ہرمن پریت سنگھ نے پنالٹی کارنر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسکور کو 2-0 کر دیا۔ دوسرے کوارٹر کے اختتام تک ہندوستان 3-0 سے آگے ہوچکا تھا۔ تیسرا گول مندیپ سنگھ نے کیا۔ تیسرے کوارٹر میں سمیت نے جاپان پر ہندوستان کی برتری کو 4-0 کرتے ہوئے جیت یقینی بنائی۔ آخری کوارٹر کے دوران 51ویں منٹ میں ہرمن پریت نے شمشیر کو پاس دیا جس نے اسے گول میں تبدیل کرتے ہوئے ہندوستان کو 5-0 کی زبردست برتری دلائی جو میچ کا قطعی اسکور ثابت ہوا۔