انڈیا پوسٹ ، رجسٹرڈ پوسٹ سرویس کو ختم کرنے آمادہ

   

یکم ستمبر سے اسپیڈ پوسٹ میں ضم ، مسابقت اور کورئیر فرمس کے غلبہ پر اقدام
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : انڈیا پوسٹ کی مشہور رجسٹرڈ پوسٹ سرویس کو یکم ستمبر سے برخاست کردیا جائے گا اور اسے اسپیڈ پوسٹ کے ساتھ ملا دیا جائے گا ۔ تلنگانہ پوسٹل سرکل کے عہدیداروں نے اس کی توثیق کی اور کہا کہ یہ فیصلہ ڈیجیٹلائزیشن میں اضافہ اور پارسل ڈیلیوری میں خانگی کورئیر فرمس کے بڑھتے ہوئے غلبہ کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کارکردگی کو بڑھانے کے سلسلہ میں ملک بھر میں انڈیا پوسٹ کی جانب سے دہوں قدیم سرویس ، رجسٹرڈ پوسٹ کو برخاست کیا جارہا ہے جسے اب اسپیڈ پوسٹ سرویس میں ضم کیا جائے گا ۔ اس اقدام سے توقع ہے کہ پوسٹل سرویس کی مسابقت میں بہتری آئے گی اور ڈیجیٹل دور میں صارفین کی ضرورت پوری ہوگی ۔ ڈائرکٹر ، انڈیا پوسٹ دہلی نے تلنگانہ پوسٹل سرکل کو رجسٹرڈ پوسٹ کو اسپیڈ پوسٹ کے ساتھ ضم کرنے کے سلسلہ میں جائزہ لینے کی ہدایت دی اور کہا کہ اس میں صارفین سے فیڈ بیاک حاصل کیا جائے اور دوسری خدمات پر توجہ دی جائے ۔۔