انڈیا کا مخالف انکاؤنٹر میںمارا جائے گا : یو پی وزیر

   

بلیا: اترپردیش کے وزیر آنند سوروپ شکلا نے معروف شاعر منور رانا کے متنازعہ بیان پر کہا کہ جو بھی ہندوستان کے خلاف ہوگا وہ انکاؤنٹر میں مارا جائے گا ۔ منور رانا کے بیان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ بھی اُن میں شامل ہیں جو تقسیم ہند 1947ء کے بعد سے ہندوستان میں مقیم ہیں اور ملک کو اندر سے توڑنے کی سازش میں ملوث ہیں ۔ آنند سوروپ شکلا نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال میں جو بھی ہندوستانیوں کے خلاف ہوگا وہ انکاؤنٹر میں مارا جائے گا ۔ منور رانا چند دن قبل کہا تھا کہ اگر یوگی آدتیہ ناتھ دوبارہ اترپردیش کے چیف منسٹر بنتے ہیں تو وہ ریاست کو چھوڑنے پر غور کریں گے ۔ منور رانا نے صدر مجلس اسد اویسی کے اترپردیش کے اسمبلی انتخابات میں داخلے پر بھی سوال اٹھایا تھا ۔