انڈیا کا کورونا وائرس اسکور 3 لاکھ کے پار مگر تیزی میں کمی

,

   

24 گھنٹوں میں 10,956 نئے انفیکشن اور 396 اموات ۔ ریاستوں کو سخت اقدامات کی ہدایت
نئی دہلی، 12 جون(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں جمعہ کو مجموعی طور پر زائد از 3 لاکھ کورونا کیسوں کی اطلاع دی جبکہ ملک گیر لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار برخاست کرنے مرکز کے اعلان کو بمشکل دو ہفتے گذرے ہیں۔ ملک میں ایک روز میں زائد از 10,000 نئے کورونا معاملوں کا ریکارڈ اندراج ہوا جس کے ساتھ مجموعی تعداد 3,01,579 ہوگئی۔ جمعرات کو انڈیا سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں برطانیہ کو پیچھے چھوڑ کر چوتھے مقام پر پہنچ گیا تھا۔ اب صرف روس، برازیل اور امریکہ بھی انڈیا سے آگے ہیں۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 10956نئے معاملے سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 3 لاکھ سے متجاوز ہوگئی اور اس مدت میں ریکارڈ 396 لوگوں کی اس وبا سے اموات ہوئی ہیں۔ہندوستان میں جہاں زائد از 3 لاکھ لوگ اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں وہیں برطانیہ میں 2928600لوگ اس کی زد میں ہیں لیکن برطانیہ میں اموات کی تعداد ہندوستان کے مقابلے تقریباً 5 گنا زیادہ ہے ۔

ہندوستان میں اب تک جہاں اس وبا سے 8498لوگوں کی موت ہوئی ہے وہیں برطانیہ میں کووڈ۔ 19سے 41364لوگوں کو موت ہوچکی ہیں۔صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے جمعہ کو جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10956نئے معاملوں کے ساتھ متاثرین کی تعداد 3 لاکھ سے آگے بڑھ گئی۔ اس دوران 396 لوگوں کی موت سے اموات کی تعداد 8498ہوگئی ہے ۔ ملک میں اس وقت کورونا کے141842سرگرم معاملے ہیں، جبکہ 147195 لوگ اس سے نجات پانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔اس طرح ابھی تک 49.47 فیصد مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ وزارت نے کہاکہ انڈیا میں کورونا وائرس کیسوں کے دگنا ہونے کی مدت بہتر ہوکر 71.4 یوم ہوئی ہے جو دو ہفتے قبل 15.4 یوم تھی۔ 25 مارچ کو لاک ڈاؤن کے نفاذ کے وقت کوویڈ۔19 کیسوں کے دگنے ہونے کی شرح 3.4 یوم تھی۔ دریں اثناء کیسوں میں اچھال کید رمیان کابینی سکریٹری نے تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریز، ہیلتھ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ سکریٹریز کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعہ میٹنگ منعقد کی اور ان سے کہا کہ کورونا کے ابھرتے متاثرہ علاقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرے اور وائرس پر قابو پانے سخت اقدامات کئے جائیں۔