انڈیا کا کیا اب خود پر انحصار نہیں ، ٹھاکرے کا سوال

   

ممبئی۔ 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے مرکز کے 20 لاکھ کروڑ روپئے کے امدادی معاشی پیاکیج پر کئی سوال اٹھائے ہیں۔ منگل کو وزیراعظم نریندر مودی نے اس پیاکیج کا کورونا وائرس وباء سے متاثرہ معیشت کی بحالی کیلئے اعلان کرتے ہوئے بار بار کہا تھا کہ وہ ’آتمانربھر بھارت‘ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں یعنی ہندوستان کو خودمکتفی بنانے کیلئے پابند عہد ہے۔ سینا کے ترجمان اخبار ’’سامنا‘‘ کے اداریہ میں کہا گیا کہ کیا اس پیاکیج سے 130 کروڑ ہندوستانی اور ملک خودمکتفی بن جائے گا؟ کیا اس کا مطلب موجودہ طور پر انڈیا کا خود پر انحصار نہیں۔ چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے جو آج ہی ریاستی کونسل کے چناؤ میں بلامقابلہ منتخب ہوئے، انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کو کورونا بحران سے شدید متاثرہ مائیگرنٹ ورکرس، چھوٹے تاجروں اور پریشان حال کسانوں کی مدد کرنا ہے لیکن وہ پورے ملک کو خودمکتفی بنانے اور اپنی 6 سالہ حکمرانی کے نام نہاد کارناموں کو پیش کرنے میں زیادہ دلچسپی دکھا رہے ہیں۔