کولمبو: ہندستان کا تین ون ڈے اور تین ٹی۔20میچوں کے لئے سری لنکا ٹور نئے پروگرام کے مطابق 18جولائی سے 29جولائی تک منعقد ہوگا ۔ ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس کی تصدیق کی ہے ۔ اصل پروگرام کے مطابق یہ چھ میچ پہلے 13جولائی سے 25جولائی تک کھیلے جانے تھے ۔سری لنکا کیمپ میں کورونا وائرس کے کچھ معاملات سامنے آنے کی وجہ سے یہ تبدیلی کی گئی ہے ۔ سری لنکا ئی ٹیم کے حالیہ دورہ انگلینڈ سے واپسی کے بعد اس کے بیاٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور ویڈیو تجزیہ کار جی ٹی نروشن کورونا سے متاثر پائے گئے ۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ سری لنکا میں میچوں کا نیا پروگرام آیا ہے ۔ سری لنکا بورڈ کے حکام نے آج صبح بی سی سی آئی کے سکریٹری کے ساتھ نئے پروگرام پر بات کی ۔ یہ بھی دلچسپ ہے کہ ہندستانی ٹیم انتظامیہ سختی کے ساتھ کووڈ پروٹوکول پر عمل کررہی تھی لیکن اسے جمعہ کی دیر رات تک اس تبدیلی کے بارے میں پتہ نہیں تھا۔ شکھر دھون کی قیادت والی ٹیم 13جولائی کو مقررہ پہلے ون ڈے کے حسا ب سے تیاری کررہی تھی۔ ہندستانی ٹیم اب تین ون ڈے میچ 18، 20اور 23جولائی کو کھیلے گی اور تین ٹی۔20میچ 25 ، 27 اور 29 جولائی کو کھیلے جائیں گے ۔ تمام میچ کولمبو میں واقع آر پریم داسا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ۔سری لنکا کرکٹ نے براڈکاسٹر سونی اسپورٹس سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی جو گزشتہ ایک مہینے سے سیریز کو پرموٹ کررہا تھا۔براڈکاسٹر 13سے 25جولائی کی پرانی تاریخ کو پسند کرتا لیکن نئے پروگرام کے مطابق صرف دو میچ ہی اولمپک کھیلوں سے ٹکرائیں گے ۔کورونا کی موجودہ صورتحال میں تمام متعلقین نئے پروگرام پر رضامند ہوگئے ہیں۔ اولمپکس 23جولائی سے شروع ہونے ہیں۔