میزبانوں کو پہلی اننگز میں 30 رنز کی سبقت ۔ کپتان گل (4) ریٹائرڈ ہرٹ۔ افریقی ٹیم مجموعی طور پر صرف 63 رنز آگے
کولکاتا، 15 نومبر (یو این آئی) سائمن ہارمر (چار وکٹ) اور مارکو یانسن (تین وکٹ) کی شاندار کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو پہلے ٹسٹ کے دوسرے دن ہفتہ کو پہلی اننگز میں 189 رن پر آل آؤٹ کر دیا۔ البتہ ہندوستان کو 30 رن کی اہم برتری حاصل ہوئی۔ جنوبی افریقہ اپنی دوسری اننگز میں ہندوستانی اسپنروں کے آگے ٹک نہ سکا اور دن کا کھیل ختم ہونے تک مہمانوں کا اسکور 93/7 تک گھٹ چکا تھا۔ کیپٹن ٹینڈا باووما 29 اور کوربن باش 1 پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ جنوبی افریقہ کو مجموعی طور پر 63 رنز کی برتری حاصل ہے اور ان کی تین وکٹیں باقی ہیں۔ دوسری اننگز میں رویندر جڈیجا 4 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔ جسپریت بمرا کے ابتدائی اسپل کے بعد وائس کیپٹن رشبھ پنت نے صرف اسپنرس کا استعمال کیا جو کامیاب فیصلہ ہوا۔ کلدیپ یادو نے 2 وکٹیں لئے جبکہ اکشر پٹیل کو ایک وکٹ ملی۔ محمد سراج نے آج دوسری اننگز میں گیندبازی نہیں کی ہے۔ قبل ازیں ہندوستان نے گزشتہ روز کے اسکور 37/1 سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں ہندوستان کی دوسری وکٹ 75 کے اسکور پر واشنگٹن سندر کی صورت میں گری۔ انہیں سائمن ہارمر نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد کیشَو مہاراج نے لوکیش راہول (39)کو پویلین بھیجا۔ رشبھ پنت (27) کو کوربن بوش نے آؤٹ کیا۔ 49ویں اوور میں ہارمر نے دھرو جوریل (14) کو اپنی ہی گیند پر کیچ کرکے پویلین بھیج دیا۔ انہوں نے رویندر جڈیجا (27) کو بھی آؤٹ کیا۔ اس دوران میچ میں جارحانہ شاٹس اور تحمل سے دفاع دونوں کا امتزاج دیکھنے کو ملا۔ راہول نے مہاراج کی گیند پر ایک چھکا اور کئی چوکے لگائے ، جبکہ پنت شاندار فارم میں تھے اور آؤٹ ہونے سے پہلے انہوں نے دو چھکے اور اتنے ہی چوکے لگائے ۔ سندر نے بھی اپنی رینج اور ٹائمنگ کا خوب استعمال کرتے ہوئے ایک چھکا اور دو چوکے لگا کر اثر قائم کیا۔ہندوستان کی ساتویں وکٹ کلدیپ یادو (1) کی صورت میں 172 پر گری، جنہیں مارکو یانسن نے آؤٹ کیا۔ محمد سراج (1) کو بھی یانسن نے اپنا شکار بنایا۔ 63ویں اوور کی دوسری گیند پر سائمن ہارمر نے اکشر پٹیل (16) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کی اننگز کا خاتمہ 189/9 پر کر دیا۔ اس سے پہلے شبھمن گل سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں 79/2کے اسکور پر زخمی ہو کر پویلین لوٹ گئے تھے ۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سائمن ہارمر نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ مارکو یانسن نے تین وکٹیں لیں جبکہ کوربن باش اور کیشَو مہاراج نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی گیند بازوں نے گزشتہ روز جنوبی افریقہ کو پہلی اننگز میں 159رن پر آؤٹ کیا تھا۔