حیدرآباد /15 جولائی (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے کروڑہا روپئے کی بینک دھوکہ دہی معاملہ میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے ۔ جوائنٹ کمشنر پولیس سی سی ایس مسٹر اویناش موہنتی نے کہا کہ پی روی اور اس کے 7 ساتھیوں نے انڈین اوورسیز بینک پتھر گٹی برانچ سے وزیراعظم روزگار یوجنا کے تحت سمنٹ کی اینٹیں تیار کرنے کی فیاکٹری کیلئے 139 لاکھ روپئے کا قرض حاصل کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ قرض حاصل کرنے کیلئے پی روی اور اس کے ساتھیوں نے فرضی انوائس اور دیگر دستاویزات جس میں معاہدے بھی شامل ہیں بینک میں جمع کرائے اور اس کی بنیاد پر قرض حاصل کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ قرض کی رقم حاصل کرنے کیلئے ایم سرینواس نے جئے سائی رام انٹرپرائزس اور ناگوساد انٹرپرائزس کے نام پر فرضی کوٹیشن تیار کرتے ہوئے پی روی اور اس کے دیگر دوستوں کے حوالے کیا ۔ پولیس نے کہا کہ اس کیس میں جملہ 8 قرض دار ہیں جو دانستہ طور پر بینک کو دھوکہ دیا ہے ۔ سی سی ایس پولیس کی وائیٹ کالر ٹیم نے ملزمین کو گرفتار کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔
