کولکاتہ، 22 اگست (یو این آئی) ریلوے بورڈ کے اطلاعات و شعبہ رابطہ عامہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر دلیپ کمار نے کہا کہ انڈین ریلوے کولکاتہ کی ترقی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی اور ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو کی قیادت میں تیزی سے کام ہو رہا ہے ۔ دلیپ کمار نے میڈیا کو بتایا کہ جمعہ کا دن کولکاتہ کے لیے کافی اہم ہے کیونکہ آج وزیراعظم کولکاتہ میٹرو سے متعلق تین منصوبوں کا افتتاح کریں گے ۔ یہ تین میٹرو لائنیں سیالدہ سے اسپلنڈیہ، بالاگھاٹ سے ہیمنت مکھ وپادھیائے اور نوآپارا سے جیے ہند ہوائی اڈے کے درمیان تیار ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 11 برسوں میں کولکاتہ میٹرو کی کافی تیزی سے توسیع ہوئی ہے اور سال 2014 تک جہاں یہ پہلے 27 کلومیٹر تھی، اب یہ بڑھ کر 72 کلومیٹر ہو گئی ہے ۔ ان 11 برسوں میں تقریباً 45 کلومیٹر کا اضافہ ہوا ہے ۔ اس کے علاوہ دیگر حصوں پر بھی کام جاری ہے ۔ ریلوے کی ذمہ داری ہے کہ کولکاتہ کے باشندوں کو بہتر سہولت دی جائے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے تین میٹرو لائنوں کی شروعات کی جا رہی ہے ۔