دبئی۔ 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انڈین فیڈ کپ کی ٹیم نے پہلی مرتبہ پلے آفس میں جگہ بناتے ہوئے تاریخ رقم کی ہے۔ انکیتا رائنا نے انڈونیشیا کی حریف پر 2-1 سے برتری حاصل کی۔ انکیتا کو پہلے دو سنگلز میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا لیکن انڈونیشیا کی حریف کو انہوں نے آسانی سے 6-3، 6-3 کے سیٹوں سے شکست دے دی۔ بعد میں ثانیہ مرزا کے ساتھ جوڑی میں انہوں نے حریف کھلاڑیوں کو شکست دے کر پلے آف میں جگہ بنالی۔ پلے آف میں ان کا مقابلہ اپریل میں نیدرلینڈ یا لتویا سے ہوگا۔ اسٹار کھلاڑی ثانیہ مرزا کی قیادت میں ہندوستان فیڈ کپ ایشیا/ اوشیانا زون گروپ ایک مقابلے سے پہلی بار پلے آف میں جگہ بنانے میں کا میاب ہوگئی ہے۔ہندستان نے جمعہ کو چینی تائی پے کو 2-1 سے شکست دے کر اپنی مسلسل تیسری جیت درج کی۔ ہندوستان کو اپنے پہلے مقابلے میں چین سے 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن ہندوستانی ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے ازبکستان کو 3-0 سے، کوریا کو 2-1 سے اور چینی تائی پے کو 2-1 سے ہرا دیا۔ ہندوستان چار مقابلوں میں تیسری جیت کے بعد ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے۔ چین اپنے چاروں مقابلے جیت کر ٹیبل میں سرفہرست ہے۔ہندوستان کو اپنا آخری مقابلہ انڈونیشیا سے کھیلنا تھا جس کو انڈیا نے آج ہراکر پلے آف میں جگہ بنالی ہے ۔ اس راؤنڈ رابن ٹورنامنٹ میں سرفہرست دو ٹیمیں پلے آف میں جگہ بنائیں گی جو 17-18 اپریل کو کھیلا جائے گا۔433 ویں رینکنگ کی روتوجا بھونسلے نے اپنا مسلسل تیسرا مقابلہ جیتا جبکہ عالمی ڈبلز رینکنگ میں 222 ویں مقام پر موجود ثانیہ اور 119 ویں نمبر کی کھلاڑی انکتا رینا نے ڈبلز میچ جیتا۔