انڈین قونصلیٹ جنرل جدہ میں یوم جمہوریہ تقریب

   

جدہ (عارف قریشی) : 26 جنوری کو انڈین قونصلیٹ جنرل جدہ کے کھلے میدان میں صبح 8 بجے کارگزار قونصل جنرل ہند جدہ وائی صابر نے ہندوستان کے 72 ویں جمہوریہ کے موقع پر صدرجمہوریہ ہند کا پیام پڑھ کر سنایا۔ کورونا بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف 50 ہندوستانیوں کو مدعو کیا گیا تھا اور ہر مہمان کو سعودی عرب کے رہنمایانہ ہدایات پر عمل کرتے ہوئے قونصلیٹ میں داخلہ کی اجازت دی گئی۔ ماسک کا استعمال ہر ایک کو لازم قرار دیا گیا اور سماجی فاصلے سے مہمانوں کیلئے نشستیں لگائی گئی تھیں۔ صدرجمہوریہ ہند کے پیام کو سنانے کے بعد کارگزار قونصل جنرل ہند نے اپنی تقریر میں کہا کہ سعودی عرب اور ہندوستان کے دوطرفہ تعلقات زمانہ قدیم سے ہیں اور دن بہ دن اس میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے خادم الحرمین و الشرفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کی حکومت کے اعلیٰ عہدیدار اور جوازت کے اعلیٰ عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کووڈ۔19 اور لاگ ڈاؤن کے دوران ہمارے ہزاروں ہندوستانی ورکرس کی ہر طرح سے مدد کی جس کی وجہ سے ہمارے ہزاروں ورکرس اپنے ملک کو واپس جاسکے۔ کارگزار قونصل جنرل جدہ وائی صابر نے سعودی عرب میں مقیم تمام ہندوستانیوں کو ہندوستان کی 72 ویں یوم جمہوریہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو سعودی عرب کے ملکی قوانین کا احترام کرتے ہوئے اپنی خدمات انجام دینا چاہئے اور اپنے ملک و شہر کا نام روشن کرنا چاہئے۔