انڈین قونصل جنرل کی نئی عمارت تعمیرکی30ماہ میں تکمیل

   

قونصل جنرل ہند جدہ محمد شاہد عالم کی پریس کانفرنس

جدہ : ( عارف قریشی ) قونصل جنرل ہند جدہ محمد شاہد عالم نے انڈین قونصلیٹ جنرل آفس کے کانفرنس ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا کو یہ خوش خبری دی کہ انڈین قونصیلیٹ جنرل آفس جدہ کیلئے ایک نئی اور خوبصورت اور کشادہ بلڈنگ کی تعمیر کیلئے دستخط کردیئے گئے ہیں ۔ یہ نیا قونصلیٹ جنرل آفس 30 مہینوں کے اندر تعمیر ہوجائے گا ۔ اس بلڈنگ میں بڑے کشادہ ہال کے علاوہ کلچرل پروگرام کیلئے کمیونٹی ہال بھی ہوگا اور کار پارکنگ کا خاص انتظام کیا گیا ہے ۔ قونصل جنرل محمد شاہد عالم نے قونصلیٹ کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 1664 ہندوستانیوں جن کی اقامہ کی مدت ختم ہوچکی تھی ان کو بروپ لگادیا گیا ۔ اس کے علاوہ 789 ہندوستانیوں کا خروج کروایا گیا ۔ بڑی تعداد میں ضرورت مند ہندوستانیوں کیICWF کے ذریعہ مدد کی گئی ۔ جملہ 505 ہندوستانیوں کے انتقال ہونے پر NOC سرٹیفیکٹ جاری کئے گئے ۔ اس کے علاوہ 432 ہندوستانیوں کی تدفین کیلئے NOC سرٹیفیکٹ جاری کئے گئے ۔ انہوں نے تمام ہندو ستانی جو سعودی عرب میں برسرروزگار ہیں ان سے گزارش کی کہ سعودی عرب کے قوانین کا احترام کریں اور قوانین کے دائرہ میں رہ کر اپنی خدمات انجام دیں ۔ قونصل جنرل نے حج 2024 کے بارے میں بتایا کہ حجاج کیلئے رہائش کے انتظامات ہوچکے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ہندوستان سے محرم کے بغیر پانچ ہزار خواتین حج کی سعادت حاصل کرنے آرہی ہے ۔ ان کیلئے رہائش کا خاص انتظام کیا گیا ہے ۔ ہندوستان سے میڈیکل ٹیم بھی بہت جلد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پہنچ جائے گی ۔ عارف قریشی کے سوال کے جواب میں قونصل جنرل نے کہا کہ ایک خادم الحجاج کو 200حاجیوں کی خدمات کیلئے مقرر کیا گیا ہے ۔ یہ خادم الحاج انڈین قونصلیٹ کی زیرنگرانی اپنی خدمات انجام دیں گے ۔