انڈین مجاہدین مقدمہ ( گجرات) کی اگلی سماعت 28جولائی تک ملتوی

   

ممبئی: انڈین مجاہدین مقدمہ میں سیشن عدالت کی جانب سے 38 ملزمین کو پھانسی کی سزا دیئے جانے والے فیصلہ کی تصدیق کے لیئے گجرات حکومت نے گجرات ہائی کورٹ کی احمد آباد بیچ کے روبرو اپیل داخل کی ہے ، گجرات حکومت کی اپیل پر آج دو رکنی بینچ کے جسٹس وپول ایم پنچولی اور جسٹس راجندر سرین کے روبرو سماعت عمل میں آئی جس کے دوران سرکاری وکلانے عدالت کو بتایا کہ تمام سزا یافتگان کو نوٹس ارسال کی گئی تھی جس میں سے کچھ ہی لوگوں نے نوٹس کو قبول کیا ہے اور بقیہ لوگوں نے نوٹس لینے سے انکار کردیا۔وکلا نے عدالت کو مزید بتایا کہ چند ملزمین نے لیگل ایڈ سے انہیں وکلادیئے جانے کی گذارش کی ہے جس کی روشنی میں ریاستی لیگل ایڈ کمیٹی نے وکلاکی تقرری کے لیئے طریقہ کار شروع کیا گیا ہے لیکن چند ہی ملزمین نے لیگل ایڈ سے قانونی امداد طلب کی ہے۔اسی درمیان نچلی عدالت میں جمعیت العلماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کی جانب سے ملزمین کا دفاع کرنے والے سینئر ایڈوکیٹ ایم ایم شیخ نے عدالت کو بتایا کہ نچلی عدالت کے فیصلہ کے خلاف اپیل داخل کر نے کی تیاری جاری ہے۔نچلی عدالت کا ریکارڈ بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے اپیل تیار کرنے میں وقت لگ رہا ہے لہذا عدالت عدالت ان سب باتوں کے مد نظر سماعت کی اگلی تاریخ متعین کرے۔ایڈوکیٹ ایم ایم شیخ نے عدالت کو مزید بتایا کہ 7000ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل گجراتی زبان میں تحریر سیشن عدالت کے فیصلہ کا مطالعہ کیا جارہا ہے نیز ہزاروں صفحات پر مشتمل چارج شیٹ کو پڑھنا بھی آسان نہیں ہے نیز ابھی تک انہیں پیپر بک (سیشن عدالت کا ریکارڈ) کا ریکارڈ مہیا نہیں کرایا گیا ہے نیز ٹرائل کورٹ کے فیصلہ کا انگریزی ترجمہ بھی ابھی تک ملزمین کو مہیا نہیں کرایا گیا ہے جس کی وجہ سے اپیل کی تیاریوں میں دقتوں کا سامنا ہے۔