حیدرآباد : /13 جولائی (سیاست نیوز) دہلی میں این آئی اے کی خصوصی عدالت نے انڈین مجاہدین کی مجرمانہ سازش کیس میں گرفتار 4 افراد کو قصور وار پائے جانے پر 10 سال کی سزاء سنائی ۔ بتایا جاتا ہے کہ دانش انصاری دربھنگہ بہار ، آفتاب عالم پورنیا بہار ، عمران خان ناندیڑ مہاراشٹرا اور عبیدالرحمن حیدرآباد جنہیں 2013 ء میں این آئی اے نے انسداد غیرقانونی سرگرمیوں اور انڈین مجاہدین کے ارکان ہونے کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور ان کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کی گئی تھی ۔ این آئی اے نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ مذکورہ 4 افراد انڈین مجاہدین کے سرکردہ ریاض بھٹکل ، یٰسین بھٹکل اور دیگر سے مسلسل ربط میں تھے اور دہشت گردانہ واردات انجام دینے کیلئے حیدرآباد ، دہلی اور ملک کے اہم مقامات کی نشاندہی کی تھی اور اس سلسلہ میں دھماکو اشیاء بھی حاصل کیا تھا ۔ این آئی اے نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ انڈین مجاہدین نے سال 2006 ء میں اترپردیش کے واراناسی کورٹ میں سلسلہ وار دھماکہ ، فیض آباد اور لکھنؤ کے دھماکے ، اگست 2007 ء گوکل چاٹ اور لمبنی پارک جڑواں بم دھماکے ، جئے پور ، دہلی اور احمد آباد کے سلسلہ وار دھماکے کے علاوہ سال 2010 ء کے بنگلورو بم دھماکے اور سال 2013 ء کے دلسکھ نگر جڑواں بم دھماکے میں شامل تھے ۔ اس کیس کی سماعت کے بعد دہلی کی این آئی اے کی خصوصی عدالت نے ملزم دانش انصاری کو 2000 روپئے کا جرمانہ اور آفتاب عالم کو 10000 روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے ۔ /31 مارچ 2023 ء کو این آئی اے کی خصوصی عدالت نے سابق میں گرفتار افراد کے خلاف الزامات وضع کئے تھے جبکہ دیگر 7 انڈین مجاہدین کے ارکان یٰسین بھٹکل ، اسد اللہ اختر ، ضیاء الرحمن، تحسین اختر اور حیدر علی بھی شامل ہے اور ان کے خلاف کارروائی جاری ہے ۔ب