حیدرآباد۔19جولائی (سیاست نیوز) ہندوستانی پاسپورٹ کی عالمی قدر میں اضافہ کے بعد یہ 85 ویں مقام سے اب 80 ویں مقام پر پہنچ چکا ہے۔ انڈین پاسپورٹ رکھنے والوں کیلئے دنیا بھر کے 57 ممالک میں ویزا کے بغیر داخلہ کی اجازت حاصل ہونے کے بعد ہندوستانی پاسپورٹ کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔ جن ممالک میں ہندوستانی پاسپورٹ کیساتھ بغیر ویزاکے حصول کیلئے داخلہ کی اجازت حاصل ہے ان میں 5 ممالک کا اضافہ ہوا ہے جبکہ سابق میں ہندوستانی پاسپورٹ کے حامل مسافرین کو 52 ممالک میں ویزا درکار نہیں تھا جن میں قطر‘ سری لنکا‘ تھائی لینڈ‘ جمائیکا‘ زمبا بوئے‘ تیونس‘ سینیگل‘ نیپال‘ انڈونیشیا‘ ایران‘ اردن‘ بھوٹان اور کمبوڈیا و دیگر ممالک شامل ہیں۔ 192 ممالک میں سنگاپور نے جاپانی پاسپورٹ کی جگہ دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کا موقف حاصل کرلیا ہے۔ جاپان گذشتہ 5برسوں سے دنیا بھر کے پاسپورٹس میں سرفہرست مقام پر تھا اور 10 سال تک سرفہرست رہنے والے امریکی پاسپورٹ کو ہٹاتے ہوئے جاپان نے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کا موقف حاصل کیا تھا ۔ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2023 کے مطابق دوسرے نمبر پر جرمنی ‘ اٹلی اور اسپین موجود ہیں۔ تیسرے نمبر پر آسٹریا‘ فن لینڈ ‘ فرانس ‘ جاپان‘ لگژمبرگ‘ ساؤتھ کوریا اور سویڈن ہیں۔ چوتھے نمبر پر ڈنمارک ‘ آئرلینڈ ‘ نیدر لینڈ‘ اور یونائیٹڈ کنگ ڈم (برطانیہ ) ہے اور پانچواں مقام حاصل کرنے والے پاسپورٹ بلجیم‘ چیک ریپبلک‘ مالٹا ‘ نیوزی لینڈ‘ ناروے‘ پرتگال اور سوئزرلینڈ ہیں۔م