مودی اور کے سی آر حکومت کی ناکامیوں کو عوام تک پہنچانے کا مشورہ
حیدرآباد ۔8 ۔ جون (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی اور رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو نے انڈین یوتھ کانگریس کے قومی عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں نریندر مودی اور تلنگانہ میں کے سی آر حکومت سے عوام عاجز آچکے ہیں۔ ملک بھر میں عوام کی بھلائی کے بجائے نفرت کی سیاست کو ہوا دی جارہی ہے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ کنیا کماری سے کشمیر تک راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا سے عوام میں غیر معمولی جوش و خروش پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے یوتھ کانگریس کارکنوں سے اپیل کی کہ ملک بھر میں مودی حکومت کی ناکامیوں سے عوام کو واقف کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی حقیقی معنوں میں غریبوں اور کمزور طبقات کی بھلائی کیلئے اقدامات کرتی ہے۔ قومی عاملہ کے اجلاس میں طئے کیا گیا کہ عوام کے درمیان رہنے والے قائدین کو پارٹی میں عہدے دیئے جائیں گے۔ یوتھ کانگریس میں خواتین کو مناسب نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ دیہاتوں کی سطح پر یوتھ کانگریس کی سوشیل میڈیا ٹیموں کو مستحکم بنایا جائے گا۔ تلنگانہ کے مجوزہ اسمبلی چناؤ میں یوتھ کانگریس اہم رول ادا کرے گی۔ قومی عاملہ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کو گاؤں گاؤں پہنچانے کا عہد کیا گیا۔ر