انڈین 2 کی ریلیز سے قبل ہی انڈین 3 کااعلان

   

ممبئی ۔ اس سال کئی بڑی فلمیں سینما گھروں کی زینت بننے والی ہیں۔ اس وقت جو فلم سب سے زیادہ انتظارکی جانے والی فلموں کی فہرست میں سب سے اوپر5 پر ہے وہ ہے کمل ہاسن کی انڈین 2 ۔ فلم کے بارے میں کافی عرصے سے زور شور سے چرچا ہے۔ انڈین 2 جولائی کے دوسرے ہفتہ یعنی 12 تاریخ کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ فلم کی ریلیز میں صرف چند گھنٹے باقی ہیں۔ اس سیکوئل کا 28 سال سے انتظار تھا۔ کمل ہاسن کی فلم انڈین کا پہلا حصہ 1996 میں آیا تھا۔ فلم میں انہوں نے ایک کمانڈرکا کردار ادا کیا، جو بدعنوانوں کے خلاف لڑتا ہے۔ حال ہی میں فلم کا ٹریلر ریلیز ہوا، جس میں کمل ہاسن کی دھماکہ خیز انٹری دکھائی گئی۔ فلم میں کمل ہاسن مختلف اوتار میں نظر آئیں گے۔ ان کی واپسی کو دیکھنے کے لیے مداح بھی بہت پرجوش ہیں۔ یہ فلم نہ صرف اپنے نام بلکہ اس کی کمائی سے بھی بڑی ثابت ہوسکتی ہے۔ توقع ہے کہ انڈین 2 کی ریلیز کے بعد پربھاس کی فلم کالکی 2898 کی کمائی خاصی متاثر ہوگی۔ تاہم ہدایت کار شنکر نے مداحوں کے لیے ایک بڑا سرپرائز پلان کیا ہے۔ بلاشبہ انڈین 2 ابھی ریلیز نہیں ہوئی لیکن فلم بنانے والے پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ اس کا تیسرا حصہ بھی جلد ہی ریلیزکیا جائے گا۔ شنکر اور ان کی ٹیم تیسرے حصے کی شوٹنگ پہلے ہی مکمل کر چکی ہے۔ حال ہی میں ایک رپورٹ شائع ہوئی تھی اور اس میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ کمل ہاسن کی فلم انڈین کی تیسری قسط پوسٹ پروڈکشن کے مرحلے میں ہے۔ اس کے ٹریلر پرکام کافی عرصہ قبل مکمل ہو چکا ہے۔ حال ہی میں کیرالہ میں انڈین2 کی پری ریلیز تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جہاں ہدایت کار شنکر نے بتایا کہ انڈین 3 کا ٹریلر انڈین 2 کے آخر میں چلایا جائے گا۔یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ انڈین 2 فلم دیکھنے والوں کو فلم کے ختم ہوتے ہیں انڈین 3 کا ٹریلیربھی دیکھنے کو مل جائے گا ۔