نئی دہلی : ملک میں فضائی خدمات فراہم کرنے والی سب سے بڑی کمپنی انڈیگونے کووڈ ۔19 کے مدنظر ایک مسافرکے لیے دونشستیں بک کرانے کا اختیار دیاہے ۔یہ پیش کش ان مسافروں کے لیے ہے جنھیں بازو کی نشست پر بیٹھے مسافر سے انفکشن ہونے کا اس قدر اندیشہ ہے کہ وہ ایک کے بجائے دونشستوں کا پیسہ دینے کو تیار ہیں ۔ساتھ کمپنی کو اس اسکیم سے کورونا کے دور میں آمدنی بڑھانے میں مددملے گی ۔انڈیگونے آج بتایاکہ مسافر 24جولائی یا اس کے بعد کے سفر کے لیے اس متبادل کو منتخب کرسکتے ہیں ۔ایک مسافر کے لیے دونشستیں بک کرنے پر ایئر پورٹ ٹیکس ایک ہی نشست کے لیے دینا ہوگا جبکہ دیگر ٹیکس دونوں نشستوں کے لیے دینے ہونگے ۔کمپنی کادعوی ہے کہ دوسری نشست کی قیمت اصل بکنگ کے مقابلہ محض 25فیصد ہی ہوگی ۔اگر بعد میں سفر کی تاریخ میں تبدیلی کی جاتی ہے یا ٹکٹ منسوخ کیاجاتاہے تو اس کے لیے دونوں نشستوں کے مطابق ٹیکس دینا ہوگا۔ایئر لائن کی ویب سائٹ پر ٹکٹوں کی بکنگ کے وقت ہی یہ متبادل منتخب کیا جاسکتا ہے ۔ مسافر خود یا کسی ایجنٹ کے ذریعہ آن لائن ٹکٹ بک کروانے پر ہی اس متبادل کا انتخاب کرسکیں گے ۔ یہ سہولت ٹریول پورٹلز ، ایئر لائن کال سینٹرز یا ہوائی اڈوں پر کاؤنٹر پر بکنگ کرنے والوں کو دستیاب نہیں ہوگی۔ دو نشستوں کی بکنگ کے باوجود ، مسافر کو صرف ایک نشست کے مطابق مفت سامان لے جانے کی اجازت ہوگی۔
