کمپنی کی جانب سے روزآنہ 1800 پروازیں 138 منازل تک چلائی جارہی :سی ای او
نئی دہلی، 9 دسمبر (آئی این ایس): انڈیگو کے سی ای او پیٹر ایلبرز نے منگل کو کہا کہ ہوائی کمپنی کی خدمات مستحکم ہوگئے ہیں، جو کئی دنوں تک ہونے والی پروازوں میں خلل اور مسافروں کی مشکلات کے بعد دوبارہ بحال ہو رہے ہیں۔ ایلبرز نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ انڈیگو اپنے پیروں پرکھڑی ہوگئی ہے اور نیٹ ورک بحالی کی کوششیں جنگی خطوط پر جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمپنی اب روزانہ 1800 سے زائد پروازیں چلا رہی ہے اور اپنے 138 منزلوں کے مکمل نیٹ ورک کو بحال کر چکی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے انڈیگو کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنا روزانہ پرواز شیڈول 5 فیصد کم کرے اور ترمیم شدہ شیڈول 10 دسمبرکو شام 5 بجے تک پیش کرے۔ ڈی جی سی اے کے آرڈر میں کہا گیا ہے کہ انڈیگو اپنے شیڈول کو مؤثر طریقے سے چلانے کی صلاحیت ثابت نہیں کر سکی ہے۔ سیول ایوی ایشن منسٹر رام موہن نائیڈو نے لوک سبھا میں بتایا کہ انڈیگو کے آپریشنز مستحکم ہو رہے ہیں اور ملک بھر میں دیگر تمام ہوائی کمپنیاں بلا رکاوٹ کام کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی سی اے نے انڈیگو کی سینئر قیادت کو شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں اور تفتیش شروع کردی ہے۔ رپورٹ کی بنیاد پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ نائیڈو نے واضح کیا کہ پائلٹ اور عملے کے نئے اصول غیرمتفاوضہ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 5 سے 15 دسمبر کے درمیان منسوخ پروازوں کی رقم کی واپسی، سامان کی بازیابی اور مسافروں کی مدد کے اقدامات سول ایوی ایشن وزارت کی نگرانی میں جاری ہیں۔ علاوہ ازیں انڈیگو نے 750 کروڑ روپے سے زیادہ رقم مسافروں کو واپس کردی ہے، جیسا کہ ہوائی کمپنی نے اطلاع دی ہے۔ وزیر نے کہا کہ انڈیگو نے پرواز ڈیوٹی کے معیارات کی مکمل پابندی کی یقین دہانی کروائی ہے اور سیول ایوی ایشن میں سلامتی مکمل طور پر غیرمتفاوضہ ہے۔ واضح رہے کہ انڈیگو کی خدمات متاثر ہونے کی وجہ سے فضائی سفر کو اب تک نہ دیکھے گئے بحرا ن کا سامنا کرنا پڑا جس میں کئی مسافروں نے اپنے اہم اُمور گنوادیئے جس میں کئی افراد کو ملازمتوں کیلئے انٹرویوز بھی دینے تھے لیکن وہ مواقع گنواچکے ہیں۔
انڈیگو کو پروازوں کی تعداد 5 فیصد تک کم کرنے کی ہدایت
نئی دہلی، 9 دسمبر (یواین آئی) شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے ) نے نجی ایئر لائن انڈیگو کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تعداد میں پانچ فیصد تک کمی کرے ۔اس سال اکتوبر اور نومبر کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے ، ملک کے ایوی ایشن ریگولیٹر نے کہا کہ اس نے ونٹر شیڈول میں جتنی پروازوں کے لیے سلاٹ لیاتھا وہ ان کو بہتر طریقے سے چلانے میں ناکام رہی ہے ۔ اس کے پیش نظر اس سے پروازوں کی تعداد کو پانچ فیصد تک کم کرنے کے لیے کہا گیا ہے ، خاص طور پر زیادہ مانگ والے سیکٹرز اور جہاں انڈیگو واحد فلائٹ چلاتی ہے ۔پیر کو انڈیگو کو بھیجے گئے نوٹس میں، ڈی جی سی اے نے 10 دسمبر شام 5 بجے تک نظر ثانی شدہ شیڈول پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔
انڈیگو معاملے پر پارلیمنٹ میں تحریک التواء کا نوٹس
نئی دہلی، 9 دسمبر (یواین آئی) کنیا کماری سے لوک سبھا رکن پارلیمنٹ وجے کمار (وجئے وسنت) نے منگل کو انڈیگو فلائٹ بحران پر پارلیمنٹ میں بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریک التواء کا نوٹس دیا۔نوٹس میں ایم پی وسنت نے حکومت پر الزام لگاتے ہوئے لکھا ہے کہ حکومت نے یہ جانتے ہوئے بھی کہ ایئر لائن آپریشنل بحران کا سامنا کرنے والی ہے ، کوئی کارروائی کرنے میں ناکام رہی۔ ایک ہفتے میں بغیر کسی وارننگ کے ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں، لاکھوں مسافر پھنس گئے۔ انہوں نے اپنے نوٹس میں لکھا کہ حکومت اور ڈی جی سی اے کو روسٹرنگ اور آپریشنل مسائل کا پہلے سے علم تھا، لیکن انہوں نے صورت حال خراب ہونے تک انتظار کیا۔ ایم پی وسنت نے بحران کے دوران دیگر ایئر لائنز کے مہنگے ہوائی کرایوں پر بھی تنقید کی۔