انڈیگو بحران کا جائزہ لینے کیلئے 8 رکنی خصوصی ٹیم کی تشکیل

   

Ferty9 Clinic

ڈائرکٹر جنرل سیول ایویشن کا اقدام
پروازوں کی منسوخی اور دیگر امور پر رپورٹ طلب
حیدرآباد ۔ 11۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) وزارت شہری ہوا بازی نے گزشتہ ایک ہفتہ سے جاری انڈیگو ایرلائینس بحران کے خلاف کارروائی میں شدت پیدا کرتے ہوئے انڈیگو پروازوں کی نگرانی کیلئے 8 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل سیول ایویشن نے سینئر فلائیٹ آپریشن انسپکٹرس پر مشتمل 8 رکنی ٹیم کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ انڈیگو ایرلائینس کے تمام امور کی نگرانی کریں۔ پروازوں کے علاوہ پائلٹ اور ایر کرافٹ عملہ کی دستیابی کا بھی یہ کمیٹی جائزہ لے گی تاکہ بحران کی حقیقی وجوہات کا پتہ چلایا جاسکے۔ دو عہدیداروں کو پروازوں کی منسوخی اور مسافرین کو معاوضہ کی ادائیگی جیسے امور کی نگرانی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ وزارت شہری ہوابازی نے انڈیگو ایر لائینس کو پروازوں کو بحال کرنے کیلئے دو دن کی مہلت دی تھی۔ فلائیٹ کی منسوخی کی صورت میں مسافرین کو رقم کی واپسی اور بیاگیج کو گھر تک پہنچانے کے انتظامات کی ہدایت دی گئی تھی۔ دو سینئر عہدیدار ایر لائینس کے گر گاؤں آفس میں موجود رہتے ہوئے کارکردگی پر نظر رکھیں گے۔ حکومت نے روزانہ کی اساس پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ یکم تا 9 ڈسمبر ملک میں 17404 ڈومیسٹک فلائیٹس کو منسوخ کیا گیا جس کے نتیجہ میں مسافرین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ عہدیداروں کے مطابق انٹرنیشنل فلائیٹس بھی دو فیصد تک ملتوی کی گئیں۔ انڈیگو بحران کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دیگر ایر لائینس نے اپنے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے۔ اسپائس جیٹ اور ایر انڈیا کی جانب سے 160 تا 170 اضافی فلائیٹس روزانہ چلائی گئیں۔ ڈائرکٹر جنرل سیول ایویشن کی جانب سے مقرر کردہ ٹیم ملک کے 11 ایرپورٹس کا جائزہ لے گی جن میں ناگپور ، جئے پور ، بھوپال ، وجئے واڑہ ، حیدرآباد ، کوچین، لکھنو اور امرتسر شامل ہیں۔ وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو نے پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے انڈیگو ایرلائینس کے خلاف سخت کارروائی کا تیقن دیا تھا ۔1