انڈیگو بحران:610 کروڑ روپئے کی واپسی کا عمل شروع

   

نئی دہلی ۔ 7 ڈسمبر (ایجنسیز) انڈیگو ایئرلائن بحران والی حالت سے باہر نکلنے کی مستقل کوششیں کر رہا ہے اور اس کا نتیجہ بھی اب کچھ حد تک سامنے آ چکا ہے۔ مرکزی وزارت برائے شہری ہوابازی نے تازہ اپڈیٹ دیتے ہوئے مطلع کیا ہے کہ اب تک مسافروں کو مجموعی طور پر 610 کروڑ روپے ریفنڈ کی شکل میں جاری کرنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو نے اسٹیک ہولڈرس کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی، جس میں ریفنڈ سے متعلق ہدایات دی گئی ہیں۔وزارت کے ذریعہ دی گئی جانکاری میں بتایا گیا ہے کہ انڈیگو کی پروازوں میں رخنہ کے سبب مسافروں کو ہوئی پریشانی کے درمیان انڈیگو نے اب تک مسافروں کو مجموعی طور پر 610 کروڑ روپے کی رقم ریفنڈ کی شکل میں واپس کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایئرلائن نے ہفتہ (6 دسمبر) تک ملک بھر میں 3000 بیگ بھی ڈیلیور کئے ہیں۔

انڈیگو بحران ، فضائی کرایوں میں زبردست اضافہ
سرینگر، 7دسمبر(یو این آئی) ملک بھر کی طرح وادیٔ کشمیر میں بھی انڈیگو ایئرلائنز کی مسلسل آپریشنل رکاوٹوں نے فضائی سفر کو نہ صرف مشکل بنا دیا ہے بلکہ ٹکٹوں کے نرخ بھی آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں۔ تین روز سے جاری اس بدانتظامی نے مسافروں کی جیبوں پر بھاری بوجھ ڈال دیا ہے ، جبکہ اچانک منسوخی اور تاخیر لوگوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر رہی ہیں۔ایئر ٹریول سے وابستہ ماہرین اور ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ انڈیگو کی پروازوں میں بگاڑ کے نتیجے میں نہ صرف وادی بلکہ ملک بھر کے اہم روٹس پر کرایوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔ خاص طور پر دہلی۔سری نگر، جموں۔سری نگر اور دیگر اہم روٹس پر ٹکٹیں راتوں رات 7 ہزار سے 8 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ کچھ مقامات پر اس سے بھی زیادہ وصول کیے جا رہے ہیں۔

انڈیگو کو نوٹس کا جواب دینے آج شام 6 بجے تک مہلت
نئی دہلی ۔7؍ڈسمبر ( ایجنسیز ) سیول ایوی ایشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے اتوار کو کہا کہ اس نے انڈیگو کے سی ای او کو فلائٹ آپریشن میں بڑے پیمانے پر رکاوٹوں پر ہفتہ کو ایئر لائن کو جاری کیے گئے شوکاز نوٹس پر اپنا جواب داخل کرنے کیلئے مزید مہلت دی ہے۔ ڈی جی سی اے کے نوٹس کا جواب دینے کیلئے انڈیگو کے چیف اگزیکٹیو آفیسر کو پیر کی شام 6 بجے تک کا وقت دیا گیا ہے۔