نئی دہلی : آج دہلی سے وارانسی کیلئے روانہ ہونے والی انڈیگو کی پرواز کو دہلی ہوائی اڈے پر بم کی دھمکی موصول ہونے کے بعد دہشت پھیل گئی۔ مسافرین کو ایمرجنسی طور پر جہاز سے نکال کر تلاشی لی گئی۔ تمام مسافروں کو ہنگامی دروازوں کے ذریعہ نیچے اتارا گیا۔ حکام نے حرکت میں آتے ہوئے جہاز کی مکمل تلاشی لی تاہم کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔ تفصیلات کے مطابق پرواز 6E2211 جس میں 176 مسافر سوار تھے، آج صبح 5 بجے دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے والی تھی کہ چند منٹ قبل بم کی دھمکی موصول ہونے کے بعد اسے رن وے پر روک دیا گیا۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ پائلٹ کو واش روم کے اندر سے کاغذ کا ایک ایسا ٹکڑا بھی ملا جس پر لکھا تھا کہ 30 منٹ میں دھماکہ ہونے والا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھمکی کے بعد جہاز میں سوار 176 مسافروں کو فوری طور پر اتار کر جہاز سے دور لے جایا گیا۔ بعدازاں بم کی دھمکی جھوٹی ثابت ہوئی۔ ایک گھنٹے کے بعد مسافرین کو دوسرے طیارے سے ان کی منزل کی طرف روانہ کردیا گیا۔