انڈیگو ناگپور۔پونے پرواز حیدرآباد موڑ دی گئی، مسافر مشتعل

,

   

پونے ہوائی اڈے پر بھی بدنظمی، مسافروں کے دکھ بھرے واقعات سامنے آئے

پونے ، 5 دسمبر (یو این آئی) انڈیگو کی ناگپور۔پونے پرواز میں شدید بدنظمی کے باعث مسافروں کو غیر معمولی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، جب طیارے کو آدھی رات کے وقت حیدرآباد کی طرف موڑ دیا گیا اور درجنوں مسافر وہاں پھنس گئے ۔ پرواز جو رات 11 بج کر 40 منٹ پر روانہ ہونی تھی، تقریباً رات ایک بجے تک ٹیک آف نہ کر سکی۔ فضا میں بلند ہونے کے بعد عملے نے مسافروں کو اطلاع دی کہ پونے ہوائی اڈے پر لینڈنگ کی جگہ اور کلیئرنس دستیاب نہیں، جس کے باعث طیارہ حیدرآباد اتارا جائے گا حیدرآباد پہنچنے پر بھی مسافروں کو تقریباً ایک گھنٹے تک طیارے کے اندر ہی روک کر رکھا گیا اور سخت احتجاج کے بعد انہیں ٹرمینل جانے کی اجازت ملی۔ ناگپور کے متعدد مسافر اب بھی پونے جانے کے انتظار میں حیدرآباد میں پھنسے ہوئے ہیں۔ناگپور کے ایک مسافر نے بتایا کہ وارانسی سے پونے آنے والی پروازیں بھی حیدرآباد کی طرف موڑی گئیں، جس کے نتیجے میں ہوائی اڈے پر شدید بدنظمی، لمبی قطاریں، الجھن اور مدد کے فقدان نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا۔ پونے ہوائی اڈے پر بھی حالات بے قابو رہے ۔ رات دس بجے سے انتظار کرنے والے مسافروں نے شکایت کی کہ انہیں کسی بھی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی ٹکٹ منسوخی کی اجازت دی گئی۔ کئی مسافر شدید مجبوری کے حالات میں تھے ۔ ایک شخص اپنے والد کے انتقال کے باوجود پونے نہ پہنچ سکا، جب کہ ایک اور مسافر اپنے بیٹے کی منگنی میں شریک نہ ہوسکا۔ شادیوں اور دیگر تقاریب کیلئے سفر کرنے والے بہت سے لوگ بھی گھنٹوں پھنسے رہے ۔ دونوں ہوائی اڈوں پر مسافروں نے الزام لگایا کہ انڈیگو انتظامیہ واضح معلومات دینے میں مکمل ناکام رہی، جس سے غصہ، بے چینی اور بدنظمی میں مزید اضافہ ہوا۔
انڈیگو کی سینکڑوں پروازیں منسوخ
نئی دہلی 5 ڈسمبر (ایجنسیز) ملک کی سب سے بڑی ایرلائن انڈیگو آپریشنس کے شدید بحران کا شکار ہے جس کے نتیجہ میں گزشتہ چند دنوں کے دوران سینکڑوں پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔ اِس صورتحال نے ملک بھر کے مسافروں کی مشکلات بڑھادی ہیں۔ ایرپورٹس پر طویل قطاریں اور بے ترتیبی دیکھنے میں آرہی ہے۔ 3 دنوں سے جاری بحران کا معاملہ پارلیمنٹ تک پہونچ گیا جہاں ایم پیز نے شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے وضاحت طلب کی۔ انڈیگو ایرلائن سے متاثرہ مسافروں کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

انڈیگو بحران، حالات 3 دنوں میں معمول پر آنے کی توقع
نئی دہلی، 5 دسمبر (یو این آئی) مرکزی حکومت نے انڈیگو کے معاملے کی وجوہات کا تعین کرنے اور مستقبل میں ایسی صورتحال کو روکنے کیلئے اقدامات تجویز کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ شہری ہوا بازی کی وزارت کی طرف سے جمعہ کے روز جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے ) نے فلائٹ ڈیوٹی ٹائم لمیٹیشن (ایف ڈی ٹی ایل) سے متعلق اپنا حکم فوری طور پر واپس لے لیا ہے ۔ یہ فیصلہ مکمل طور پر مسافروں، بالخصوص بزرگ شہریوں، طلبہ، مریضوں اور ناگزیر ضروریات کیلئے سفر کرنے والے دیگر افراد کے حق میں کیا گیا ہے۔ وزارت نے کہا کہ ایئر لائنز کو کئی آپریشنل ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ جلد از جلد خدمات کی بحالی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ وزارت نے امید ظاہر کی ہے کہ ان ہدایات پر فوری عمل درآمد ہفتہ سے پروازوں کے شیڈول کو معمول پر لانے کا باعث بنے گا اور اگلے تین دنوں میں معمول کے مطابق مکمل سرویس متوقع ہے ۔

شہری ہوا بازی مفلوج ہوگئی:کانگریس
پونے ، 5 دسمبر (یو این آئی) سابق ایم ایل اے اور مہاراشٹرا پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر نائب صدر موہن جوشی نے مرکزی حکومت پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر منصوبہ بند، جلدبازی میں کیے گئے ہوا بازی کے فیصلوں نے ملک میں شہری ہوا بازی کے شعبے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں ہوائی مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انڈیگو کی فلائٹس مسلسل دوسرے دن بری طرح متاثر ہوئیں، 550 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ پونے اور ممبئی سمیت کئی ہوائی اڈوں پر سینکڑوں مسافر گھنٹوں تک پھنسے رہے۔
جوشی کے مطابق بہت سے مسافر نوکری کے انٹرویوز سے محروم رہ گئے ، کئی لوگ شادیوں میں شرکت نہ کر سکے ، کچھ افراد شدید بیمار رشتہ داروں تک نہ پہنچ پائے ، اور کئی اپنے عزیزوں کی آخری رسومات میں بھی شریک نہ ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بحران نے مرکزی حکومت اور شہری ہوا بازی کی وزارت کی پالیسی ناکامی کو بے نقاب کر دیا ہے ۔ جوشی کے مطابق DGCA نے فلائٹ ڈیوٹی ٹائم لمیٹیشنز (FDTL) کیلئے نئے اصول اچانک نافذ کر دیے ، بغیر کسی مشاورت، بغیر افرادی قوت کا جائزہ لیے ، اور بغیر کسی عبوری مدت کے ۔ مسافروں کے مفاد کا بھی کوئی خیال نہیں رکھا گیا۔ نتیجتاً انڈیگو کو شدید عملے کی کمی کا سامنا کرنا پڑا، اور سینکڑوں پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔