انڈیگو کا ممبئی سے دو نئی بین الاقوامی پروازوں کا اعلان

   

نئی دہلی، 12 اگست (یو این آئی) ہندوستان کی سب سے بڑی ایئر لائن انڈیگو نے ستمبر میں ممبئی سے وسط ایشیائی ممالک کے لیے دو نئی پروازوں کا اعلان کیا ہے ۔ ایئر لائنز نے منگل کو کہا کہ وہ یکم ستمبر سے ممبئی سے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند اور 2 ستمبر سے قزا خستان کے الماتی کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرے گی۔ دونوں پروازیں ہفتے میں چار دن ہوں گی۔ پرواز نمبر 6ای 1821 ممبئی سے تاشقند کے لیے صبح 9.55 بجے روانہ ہوگی۔ یہ پرواز پیر، بدھ، جمعرات اور ہفتہ کو ہوگی۔ واپسی کی پرواز 6ای 1822 اسی دن مقامی وقت کے مطابق شام 4.20 بجے تاشقند سے روانہ ہوگی اور رات 9.55 بجے ممبئی پہنچے گی۔ پرواز نمبر 6ای 1817 ممبئی سے الماتی کے لیے منگل، بدھ، جمعہ اور اتوار کو شام 7 بجے روانہ ہوگی۔ واپسی کی پرواز 6ای 1818 پیر، بدھ، جمعرات اور ہفتہ کو مقامی وقت کے مطابق صبح 1.25 بجے الماتی سے روانہ ہوگی اور صبح 8.20 بجے ممبئی پہنچے گی۔دہلی سے ان دونوں شہروں کے لیے پہلے ہی انڈیگو کی پروازیں موجود ہیں۔