انڈیگو کی فلائٹ میں بم کی دھمکی، احمد آباد میں ہنگامی لینڈنگ

   

احمد آباد، 4 دسمبر (یو این آئی) مدینہ سے حیدرآباد جانے والے انڈیگو کے ایک طیارے میں بم کی دھمکی کے بعد احمد آباد میں ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ فلائٹ نمبر E-6 058مدینہ سے حیدرآباد کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ تاہم بم کی دھمکی ملنے کے بعد طیارے کو دوپہر بعد احمد آباد ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔طیارہ مکمل ہنگامی پروٹوکول کے بعد احمد آباد میں اترا۔ سکیورٹی اداروں کے ساتھ ڈاکٹروں کی ٹیم، فائر بریگیڈ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی وہاں موجود تھے ۔ایئرلائن کے ذرائع نے بتایا کہ تمام متعلقہ اداروں کو اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے اور پروٹوکول کے مطابق طیارے کی چیکنگ کی گئی ۔ دو دن پہلے 2 دسمبر کو کویت سے حیدرآباد جانے والی انڈیگو کی پرواز کو بم کی دھمکی ملنے کے بعد ممبئی میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ بم کی دھمکی ای میل کے ذریعے موصول ہوئی جو بعد میں افواہ ثابت ہوئی ۔12 نومبر کو ایئر انڈیا ایکسپریس کے ممبئی سے وارانسی جانے والے طیارے کے ٹوائلٹ میں کاغذ پر بملکھا ملنے کے بعد وارانسی میں لینڈنگ کے بعد اس کی جانچ کی گئی تھی۔ اسی روز ملک کے پانچ ہوائی اڈوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔