مکمل تلاشی کے بعداطلاع جھوٹی ثابت ہوئی، تمام230 مسافر محفوظ
نئی دہلی۔18؍جنوری ( ایجنسیز ) نئی دہلی سے باگڈوگرا جانے والی انڈیگو ایئرلائنز کی ایک پرواز میں بم کی اطلاع ملنے پر طیارے کو لکھنؤ ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔ میڈیا کے مطابق پرواز میں عملے کے ارکان سمیت مجموعی طور پر 230 افراد سوار تھے تاہم خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے۔رپورٹس کے مطابق بم کی اطلاع طیارے کے واش روم میں موجود ایک ٹیشو پیپر پر ہاتھ سے لکھے گئے نوٹ کے ذریعے سامنے آئی جس کے بعد طیارے کے عملے نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کیا۔ حفاظتی خدشات کے پیش نظر پائلٹ نے قریبی ایئرپورٹ لکھنؤ پر ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔طیارہ جیسے ہی لکھنؤ ایئرپورٹ پر اترا، سکیورٹی ادارے اور ایئرپورٹ انتظامیہ فوری طور پر حرکت میں آ گئی۔ تمام مسافروں کو طیارے سے بحفاظت اتار لیا گیا اور انہیں مرحلہ وار سکیورٹی چیک اور اسکیننگ کے عمل سے گزارا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق مسافروں کے سامان کی بھی مکمل جانچ کی گئی تاکہ کسی ممکنہ خطرے کو بروقت ناکام بنایا جاسکے۔بعد ازاں طیارے کو ایئرپورٹ کے مرکزی حصے سے دور ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا جہاں بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر سکیورٹی ٹیموں نے طیارے کی مکمل تلاشی لی۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے دوران طیارے کے اندر اور باہر ہر حصے کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی تلاشی میں کوئی دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا تاہم بم کی اطلاع کے معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ اس واقعہ کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ واش روم میں نوٹ کس نے اور کس مقصد کے تحت رکھا۔واضح رہے کہ حالیہ برسوں میںہوابازی کے شعبے میں بم کی جھوٹی اطلاعات کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے باعث سکیورٹی ادارے ہر اطلاع کو حقیقی خطرہ سمجھتے ہوئے سخت اقدامات کرتے ہیں۔ اس واقعے نے ایک بار پھر فضائی سفر کے دوران سکیورٹی انتظامات کی اہمیت کو اجاگر کر دیا ہے۔