انڈیگو ہوائی مسافروں کی تعداد کا جنوری میں نیا ریکارڈ

   

نئی دہلی۔ 28 فروری (یو این آئی) جنوری کے مہینے میں ہوائی مسافروں کی تعداد میں 4.36 فیصد اضافہ درج کیا گیا اور یہ نئی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے ) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، رواں سال جنوری میں ملکی فضائی کمپنیوں کی پروازوں کے ذریعہ سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد ایک کروڑ 52 لاکھ 49 ہزار رہی۔ یہ تعداد جنوری 2025 کے ایک کروڑ 46 لاکھ 11 ہزار کے مقابلے میں 4.36 فیصد زیادہ ہے اور اپنے آپ میں ایک نیا ریکارڈ ہے ۔ اس سے قبل نومبر 2025 میں ہوائی مسافروں کی تعداد ایک کروڑ 52 لاکھ 38 ہزار رہی تھی، تاہم دسمبر میں انڈیگو کے آپریشنز میں بڑے پیمانے پر خلل کے باعث یہ تعداد گھٹ کر 1.43 کروڑ رہ گئی تھی۔ اہم بات یہ رہی کہ دسمبر 2025 میں نمایاں کمی کے بعد جنوری میں انڈیگو نے مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے اپنی سابقہ مارکیٹ حصے داری دوبارہ حاصل کر لی۔ گزشتہ سال دسمبر کے پہلے ہفتہ میں ہزاروں پروازیں منسوخ ہونے کے بعد اس کی مارکیٹ حصے داری نومبر کے 63.6 فیصد سے کم ہو کر 59.6 فیصد رہ گئی تھی، جو جنوری میں دوبارہ بڑھ کر 63.6 فیصد ہو گئی۔ اس کا مطلب ہے کہ مسافروں کا رجحان ایک بار پھر انڈیگو کی جانب ہو گیا ہے ۔ زیادہ سے زیادہ بھری ہوئی نشستوں (پی ایل ایف) کے ساتھ پروازیں چلانے کے معاملے میں اکاسا ایئر نے ایک بار پھر سبقت حاصل کی۔ جنوری میں وہ واحد ایئرلائن رہی جس کا پی ایل ایف 90 فیصد سے زیادہ رہا، جو 93.2 فیصد درج کیا گیا۔