سری نگر: جنوبی ضلع کولگام کے ہاوورا گاوں میں درمیانی شب سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تصادم آرائی میں مقامی ملی ٹینٹ مارا گیا جبکہ ابتدائی فائرنگ میں پولیس اہلکار شدید طورپر زخمی ہوا اور اس کو علاج ومعالجہ کی خاطر قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کولگام کے ہاوورا گاوں میں جنگجوؤں کے چھپے ہونے کی ایک خصوصی اطلاع موصول ہونے کے بعد جوں ہی سلامتی عملے نے گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں مشتبہ مقام پر موجود جنگجو نے فورسز پر اندھادھند فائرنگ شروع کی۔انہوں نے کہاکہ ابتدائی فائرنگ میں ایک پولیس اہلکار گولی لگنے سے زخمی ہوا جس کو علاج ومعالجہ کی خاطر قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ مقامی ملی ٹینٹ کو خود سپردگی کرنے کا بھر پور موقع فراہم کیا گیا تاہم اس نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا ۔