انکاونٹرمعاملہ کی سٹنگ جج کے ذریعہ تحقیقات کروائی جائے

   

شیخ ریاض کے خاندان سے انسانی حقوق تنظیم کے ذمہ داروںکی ملاقات

نظام آباد :23 ؍اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد میں شیخ ریاض کے اہلِ خانہ سے انسانی حقوق کی تنظیم کے وفد کی ملاقات کے بعد سخت ردِعمل اور فوری انصاف کے مطالبات سامنے آئے۔ عبدالمقیت چندہ کی قیادت میں عبدالوہاب ہیومن رائٹس جدوجہد کمیٹی کے ریاستی صدر عبدالوہاب مجاہد، بشیر جاوید قریشی، فہیم قریشی اور دیگر عہدیداروں نے مرحوم شیخ ریاض کے مکان پہنچ کر لواحقین سے ملاقات کی۔ وفد نے کانسٹیبل پرمود کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے افسوس ظاہر کیا ساتھ ہی پولیس کی جانب سے ریاض کے اہلِ خانہ، خصوصاً خواتین و بچوں پر مبینہ تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔وفد نے کہا کہ گرفتاری کے عمل، تشدد اور بعد ازاں پیش آئے حالات کی جامع، شفاف اور مؤثر تفتیش ناگزیر ہے، جس کے لیے کسی سِٹنگ جج کے تحت عدالتی انکوائری اور کمیشن تشکیل دیا جانا چاہیے تاکہ حقائق بروقت سامنے آئیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔ کمیٹی نے متاثرہ خاندان کو پچاس ہزار روپے کی مالی امداد دینے اور بچوں کی تعلیم کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا۔ مزید یہ کہ متاثرہ خاندان کے لیے ڈبل بیڈروم ہاؤسنگ اسکیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا گیا، جبکہ ریاض کی گرفتاری میں مدد کرنے والے سید آصف کو سرکاری ملازمت دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔اور اس واقعے کے خلاف خواتین اطفال کمیشن سے شکایت کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔دورے کے دوران اہلِ خانہ نے کہا کہ گرفتاری کے دوران تشدد، بوڑھی ماں اور نوجوان خواتین کے ساتھ بدسلوکی، اور بچوں کے سامنے پیش آنے والے مظالم ناقابلِ قبول ہیں۔