انکاونٹر میں ہلاک گینگسٹر نعیم کی ضبط کردہ جائیدادوں کی توثیق

   

حیدرآباد ۔ /4 جنوری (سیاست نیوز) بدنام زمانہ گینگسٹر نعیم عرف بھونگیر نعیم کی کروڑہا روپئے کی بے نامی جائیدادوں جسے محکمہ انکم ٹیکس نے بعد انکاؤنٹر ضبط کرلیا تھا ، اور ضبطی کی توثیق کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات نے احکامات جاری کئے ہیں ۔ واضح رہے کہ اگست 2016 ء میں گینگسٹر نعیم کو محبوب نگر ضلع میں ایک انکاؤنٹر میں گرے ہاؤنڈس پولیس نے مارگرایا تھا ۔ نعیم کے انکاؤنٹر کے بعد اس کی غیرقانونی سرگرمیوں اور بے شمار جائیدادوں کا پتہ لگانے کیلئے اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم قائم کی گئی تھی جس نے کروڑہا روپئے کے اشیاء بشمول نقد رقم ضبط کیا تھا ۔ اسی دوران بڑے پیمانے پر بے نامی جائیدادوں کے دستاویزات برآمد ہونے پر محکمہ انکم ٹیکس نے بھی اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے کروڑہا روپئے کی بے نامی جائیدادوں کا پتہ لگاتے ہوئے انہیں ضبط کرلیا تھا ۔ ضبطی کی توثیق کیلئے محکمہ انکم ٹیکس نے دہلی کی متعلقہ اتھاریٹی سے رجوع ہوئی تھی۔ جس کے نتیجہ میں آج ضبطی کی توثیق کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ انکم ٹیکس کو شبہ ہے کہ نعیم کی بے نامی جائیدادیں 1200 کروڑ مالیتی ہوسکتی ہیں۔