نئی دہلی :وقف (ترمیمی) بل 2024‘ سے متعلق جے پی سی کی رپورٹ لوک سبھا میں پیش کیے جانے کے بعد نیا انکم ٹیکس بل بھی ایوان زیریں میں پیش کر دیا گیا۔ ساتھ ہی اس بل کو لوک سبھا کی سلیکٹ کمیٹی کے پاس بھی بھیج دیا گیا ہے۔ آج مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے ایوان میں ’انکم ٹیکس بل 2025‘کو پیش کیا اور ساتھ ہی اسے لوک سبھا کی سلیکٹ کمیٹی کو بھیجنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ اس تجویز کو منظوری دی گئی اور پھر ایوان کی کارروائی 10 مارچ تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔قابل ذکر ہے کہ مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں 7 فرروی کو نئے انکم ٹیکس بل کو منظوری دی گئی تھی۔ اج جب اس بل کو پیش کیا گیا تو ترنمول کانگریس کے سوگت رائے سمیت کچھ اپوزیشن اراکین نے مخالفت کی لیکن اس کا کوئی اثر بل پر نہیں پڑا۔ اپوزیشن اراکین کے اعتراض کو نظر انداز کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے یہ بل ایوان میں پیش کیا اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے اسے ایوان کی سلیکٹ کمیٹی کو بھیجنے کی گزارش کی۔نئے انکم ٹیکس بل سے متعلق نرملا سیتارمن نے یکم فروری کو اپنی بجٹ تقریر کے دوران ہی اعلان کر دیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ 6 دہائی پرانے ’انکم ٹیکس بل 1961‘ کی جگہ لینے والا نیا انکم ٹیکس بل ڈائریکٹ ٹیکس قوانین کو پڑھنے اور سمجھنے میں آسان بنائے گا۔ اس نئے بل سے اصول و ضوابط واضح طور پر سمجھ میں آئیں گے اور مقدمہ بازی بھی کم ہوگی۔