انکم ٹیکس سرٹیفکیٹ کے حصول کو آسان بنایا جائے

   

رُکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں کی ضلع کلکٹر سے نمائندگی
حیدرآباد۔18۔ستمبر۔(سیاست نیوز) رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خان نے حیدرآباد و سکندرآباد میں طلبہ کو انکم سرٹیفیکیٹ کے حصول میں پیش آنے والی دشواریوں کو دور کرنے کے سلسلہ میں نمائندگی کرتے ہوئے ضلع کلکٹر مسٹر انودیپ درے شیٹی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تکنیکی مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی خواہش کی ۔ دونوں شہروں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں طلبہ جو کہ تعلیمی وظائف ‘ فیس کی بازادائیگی کے علاوہ دیگر امور کے لئے انکم سرٹیفیکیٹ کے حصول کے لئے کوشاں ہیں انہیں کئی ہفتوں سے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور وہ انکم سرٹیفیکیٹ کے لئے درخواست داخل نہیں کر پا رہے ہیں۔ طلبہ کے وفود نے جناب عامر علی خان رکن قانون ساز کونسل سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں درپیش مسائل سے واقف کروایا جس پر جناب عامر علی خان نے فوری طور پر ضلع کلکٹر حیدرآباد کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے محکمہ مال کی جانب سے منڈل واری اساس پر جاری کئے جانے والے انکم سرٹیفیکیٹ کے علاوہ دیگر اسنادات کے حصول میں پیش آنے والی دشواریوں کو دور کرنے کی خواہش کی جس پر ضلع کلکٹر نے انہیں بتایا کہ تکنیکی مسائل کی بناء پر یہ مسئلہ محض حیدرآباد کی حد تک نہیں ہے بلکہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں طلبہ کو ان مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ان تکنیکی مسائل کو حل کرنے کے سلسلہ میں ہدایت دی گئی ہے اور جلد ہی ان مسائل کو حل کرلیا جائے گا۔ جناب عامر علی خان نے ان سے ملاقات کرنے والے اولیائے طلبہ و سرپرستوں کو تیقن دیا کہ اس مسئلہ کی جلد یکسوئی کے سلسلہ میں عہدیدارو ںکو ہدایات جاری کی جائیں گی۔3