انگریزوں کو جیسا واپس بھیجا، ویسے ہی مودی کو ناگپور بھیج دیں گے

,

   

ٹاملناڈومیں کانگریس قائد راہول گاندھی کا خطاب ‘ وزیراعظم پر شدید تنقید

چینائی : کانگریس قائد راہول گاندھی نے مرکز کی موجود مودی حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا، ’’ہم ایک ایسے دشمن سے نبردآزما ہیں جو اپنے مخالفین کو کچل رہا ہے۔ لیکن ہم ایسے لوگوں کو پہلے بھی بھاگنے پر مجبور کر چکے ہیں۔ انگریز نریندر مودی سے بہت زیادہ طاقت ور تھے۔ اس ملک کے لوگوں نے جس طرح انگریزوں کو واپس بھیج دیا، ویسے ہی ہم نریندر مودی کو ناگپور واپس بھیج دیں گے۔‘‘ راہول گاندھی ٹاملناڈوںکے دورہ پر ہیں ۔ اتوار کے روز انہوں نے تروونویلی میں اساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا، “میں تملناڈو کے وزیر اعلی سے بہت مایوس ہوں کیونکہ نریندر مودی کے خلاف کھڑے ہونے اور سوال پوچھنے کے بجائے انہوں نے ہتھیار ڈال دیئے۔ ہتھیار ڈالنے کی واحد وجہ یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ بدعنوان ہیں اور نریندر مودی کے پاس ای ڈی، سی بی آئی اور دیگر ادارے ہیں۔‘‘ملک کے نظام تعلیم پر بات کرتے ہوئے را ہول گاندھی نے کہا کہ اگر ہمیں نظام تعلیم کے حوالے سے کوئی پالیسی یا منصوبہ بنانا ہے تو اس کے لئے ہمیں طلباء اور اساتذہ سے بات چیت کرنی ہوگی۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ایسا نہیں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا، “کوئی معاشرہ اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتا جب تک خواتین کا احترام نہ کیا جائے اور انہیں بااختیار نہ بنا دیا جائے۔ تعلیم صرف امیروں کے لیے نہیں بلکہ سبھی کے لیے ہونی چاہیے۔ ہم اقتدار میں آئے تو غریبوں کو وظائف دیں گے اور خواتین کی رسائی تعلیم تک یقینی بنائیں گے۔‘‘کانگریس کے سابق صدر نے کہا، “آج ہر چیز کو ایک مالی اثاثہ کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ کاروبارکو تعلیم اور صحت پر حاوی نہیں ہونا چاہیے۔ کورونا کے دوران حکومت ہند 5 سے 6 تاجروں کو 1.5 لاکھ کروڑ روپئے فراہم کر کے خوش ہے، اس نے یہ رقم غریبوں کی تعلیم کے لئے خرچ کیوں نہیں کی!