ممبئی ،20، اکتوبر(یواین آئی) لیجنڈ کامیڈین اور معروف اداکار اسرانی انتقال کرگئے۔ ’’انگریزوں کے زمانے کے جیلر‘‘مکالمہ سے مشہور ہوئے اداکار طویل علالت کے بعد 84 سال کی عمر میں ایک پرائیویٹ اسپتال میں انتقال کر گئے ۔ مشہور اداکار،ہدایت کار گووردھن اسرانی ’اسرانی‘ کے نام سے مشہور تھے ۔ ان کی آخری رسومات سانتا کروزشمشان بھومی میں ادا کی گئیں۔اسرانی کے منیجر بابو بھائی تھیبا نے بتایا کہ اسرانی کا آج سہ پہر 3 بجے جوہو کے آروگیہ ندھی اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ ان کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ، بہن اور بھتیجا ہیں۔اسرانی یکم جنوری 1941 کو جئے پور میں پیدا ہوئے ۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے آل انڈیا ریڈیو میں بطور وائس آرٹسٹ اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ ان کا سب سے مشہور کردار کلٹ کلاسک شعلے میں سنکی جیلر کا ہے ۔اسرانی نے چھ فلموں کی ہدایت کاری بھی کی۔ وہ آخری بار 2003 میں کامیڈی فلم نان اسٹاپ دھمال میں نظر آئے ۔ فلم صنعت میں رنج وغم کاعالم ہے ۔