کیریئر گائیڈنس کے ماہر ساجد معراج کا آن لائن خطاب
ظہیر آباد ۔/13مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کیریئر گائیڈنس کے ماہرجناب ساجد معراج نے گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد کے شعبہ سماجی علوم کے زیر اہتمام منعقدہ ویبنار ’’سماجی علوم کے ذریعہ کیرئیر سازی ، رحجانات امکانات اور وسائل ‘‘ سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماجی علوم کے مضامین سیاسیات‘ تاریخ‘ معاشیات کے علاوہ سبھی مضامین میں ڈگری کے بعد تعلیم کے بیشتر مواقع دستیاب ہیں۔ ریگولر فاصلاتی اور آن لائن تعلیم کے حصول کے ساتھ نوجوان اگر عصر حاضر کے تقاضوں جیسے کمپیوٹر کی معلومات‘ گفتگو کے فن اور انگریزی زبان پر عبور رکھتے ہوں تو وہ ملک و بیرون ملک روزگار کے دستیاب مواقع سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ موجودہ زمانے میں سماجی علوم کے طلباء کے لئے صحافت‘ قانون‘ تدریس اور آئی اے ایس کے شعبوں میں کافی ترقی کے مواقع ہیں اس کیلئے طلباء کو زمانے کے معیارات پر پورا اترنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء ڈگری امتحانات کے بعد مختلف یونیورسٹیوں کے پوسٹ گرائجویٹ انٹرنس امتحانات میں شرکت کریں۔ اس ویبنار کی صدارت ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد نے کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کالج کے طلباء کے لئے ہر قسم کی رہبری کی جارہی ہے ۔ پوسٹ گرائجویٹ انٹرنس کے لئے کالج میں کوچنگ بھی فراہم کی جائے گی۔ ڈاکٹر محمد غوث صدر شعبہ سیاسیات نے شرکائے ویبنار کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس ویبنار کا مقصد اردو میڈیم طلباء کو اعلیٰ تعلیم اور روزگار کے عصری تقاضوں سے واقف کرانا ہے۔ اس ویبنار سے کالج کے اساتذہ ڈاکٹر رویندر ریڈی وائس پرنسپل‘ محترمہ بدر سلطانہ لیکچرر اکنامکس‘ محمد تنویر لیکچرر تاریخ اور ڈاکٹر عائشہ بیگم نے بھی خطاب کیا۔ اس ویبنار میں محبوب نگر، نظام آباد، سنگاریڈی‘ کریم نگر اور دیگر اضلاع کے طلباء و اساتذہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔