لندن ۔ انگلش کرکٹ ٹیم کے 7 ارکان کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جیسا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ انگلش ٹیم کے تین کھلاڑی اور عملہ کے چار ارکان کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ ای سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آر ٹی پی سی آر کا جو ٹسٹ گزشتہ روز برسٹل میں لیا گیا تھا اس میں 7 ارکان کے نتائج کورونا مثبت آئے ہیں جس میں تین کھلاڑی اور چار انتظامیہ کے ارکان شامل ہیں۔ جن کھلاڑیوں کا نتیجہ مثبت آیا ہے انہیں برطانوی حکومت کے قرنطینہ کے قواعد کے مطابق تنہائی میں بھیج دیا گیا ہے۔ ای سی بی کی جانب سے کورونا سے متاثر ہونے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا انکشاف نہیں کیا گیا تاہم صرف اتنا کہا گیا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مجوزہ ونڈے اور ٹی 20 سیریز اپنے نظام العمل کے مطابق ہی جاری رہے گی۔ ای سی بی کے سی ای او ٹام ہاریسن نے کہا ہے کہ ڈیلٹا کورونا وائرس کی وجہ سے حالات مشکل ہو رہے ہیں جس کے بعد ہم نے پابندیوں کو سخت کرنا شروع کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کورونا قواعد کی پوری پابندی کی ہے۔ جیسا کہ کھلاڑیوں اور انتظامیہ کے دیگر ارکان نے گزشتہ 14 مہینوں سے کورونا کے سخت ترین قواعد کی پابندی کررہے ہیں۔ دریں اثناء انگلینڈ کے مینیجنگ ڈائرکٹر ایشلی جائلس نے کہا کہ ایک جانب جہاں کورونا کی وجہ سے کئی مستقل کھلاڑی ٹیم سے دور ہو رہے ہیں تو دوسری جانب نوجوان کھلاڑیوں کے لئے یہ سنہری موقع بھی ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں۔ واضح رہے انگلش ٹیم میں اس وقت 18 غیر معروف کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی حالات سے نمٹا جاسکے۔