انگلش کپتان کی جانب سے قواعد کی تبدیلی کا مطالبہ

   

سڈنی ۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیتر نائیک نے ورلڈکپ میں سیمی فائنل بارش کی نذر ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم کو فائنل میں رسائی کا موقع ملنے پر کہا ہیکہ قاعدے کو تبدیل کرنا چاہئے۔ یہاں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل بارش سے متاثر ہوا اور اس مقابلہ کو منسوخ کرنے کے بعدہندوستانی ٹیم کو گروپ مرحلہ میں سرفہرست رہنے کی بنیاد پر فائنل میں رسائی کا اہل قراردیا گیا۔ آئی سی سی کے قواعد کے مطابق اگر سیمی فائنل بارش کی نظر ہوجاتا ہے تووہ ٹیم خودبخود فائنل میں رسائی حاصل کرلیتی ہے جو گروپ مرحلہ میں فاتح رہتی ہے جس کی وجہ سے ہندوستان اب فائنل میں اتوار کو مقابلہ کھیلے گا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے پہلے ہی آئی سی سی سے درخواست کی تھی کہ وہ مقابلوں کیلئے محفوظ دن رکھے لیکن عالمی تنظیم نے اس درخواست کو مسترد کردیا۔ انگلش کپتان نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں یہ طریقہ کار تبدیل کرلیا جائے گا کیونکہ ماضی کے مظاہروں کی بنیاد پر ایک نئے مقابلہ کا نتیجہ عکس نہیں کیا جاسکتا کیونکہ اس مقابلہ کیلئے انگلش ٹیم نے کافی سخت محنت کی تھی اور وہ کامیابی کیلئے پرعزم بھی تھے لیکن یہ ایسا کڑوا نتیجہ ہے جسے قبول کرنا آسان نہیں۔