میزبان ٹیم کو 10 سال بعد پاکستان کے خلاف سیریز جیتنے کا سنہری موقع،وکٹ اسپنرز کیلئے سازگار رہے گی
ساؤتھمپٹن ۔پاکستان کے خلاف پہلے ٹسٹ میں شاندار کامیابی سے بلند حوصلے کے ساتھ میزبان انگلینڈ کی ٹیم جمعرات کو شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے ٹسٹ میں یقینی کامیابی کے ارادے سے میدان میں اترے گی تاکہ سریز پر قبضے کے ساتھ ساتھ گھریلو سریز میں گزشتہ چھ برسوں سے جاری نہ ہارنے کے سلسلہ کو برقرار رکھا جاسکے ۔انگلینڈ اور پاکستان کے مابین تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ کل سے ساوتھمپٹن کے روز باؤل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پہلے میچ میں ہار کر جیتنے والی انگلینڈ کے پاس اب سیریز جیتنے کا موقع ہے ۔ اگرانگلش ٹیم دوسرا میچ بھی اپنے نام کرتیہے تو وہ10 سال بعد پاکستان کے خلاف ٹسٹ سیریز جیت جائے گی۔ اس وقت انگلینڈ اس سیریز میں1-0 سے آگے ہے ۔اس میچ میں انگلینڈ کو اپنے آل راؤنڈر بین اسٹوکس اور بیٹسمین ڈین لارنس کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی ، اسٹوکس اور لارنس خاندانی وجوہات کی بناء پر سیریز سے باہر ہوئے ہیں۔ اسٹوکس نے پہلے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں صفر اور دوسرے اننگز میں9 رنز بنائے تھے ۔ انہوں نے2 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔ان کی جگہ انگلش ٹیم پلیئنگ الیون میں ٹاپ آرڈربیٹسمین جیک کرولی کو شامل کیا جاسکتا ہے ۔کرولی6 ٹسٹ میچوں میں اب تک261 رنز بنا چکے ہیں۔ کرولی ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے آخری میچ اور پاکستان کے خلاف پہلے ٹسٹ میں نہیں کھیلے تھے ۔ اسٹوکس کو ان کی جگہ بطور بیٹسمین ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم نے جولائی2010 میں پاکستان کے خلاف3-1 سے ہوم سیریز جیتی تھی۔ تب سے10 سال میں دونوں کے درمیان4 ٹسٹ سیریز کھیلی گئیں۔ ان میں سے پاکستان نے2012 اور2015 میں دوسیریز جیتی تھیں جو یو اے ای میں منعقد کی گئیں۔ جبکہ انگلینڈ میں2016 اور2018 میں منعقدہ دونوں ٹسٹ سیریز ڈرا ہوئی تھیں ۔انگلش ٹیم کاگھر پر6 سال کا شاندار ریکارڈ ہے ۔ وہ کوئی ٹسٹ سیریز نہیں ہاری ہے ۔ اس وقت کے دوران ٹیم نے12 میں آٹھ دوطرفہ سیریز جیتی ہیں جبکہ4 ڈراکھیلی ہیں ۔ گذشتہ ماہ جولائی میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیزکو ہوم سیریز میں2-1 سے شکست دی تھی۔ آخری مرتبہ انگلش ٹیم کو جون2014 میں گھر میں سری لنکا نے1-0 سے شکست دی تھی۔انگلینڈ پاکستان کے خلاف اب تک 84 میں سے26 ٹسٹ جیت چکا ہے ۔ اسے21 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ 37 میچ ڈرا ہوئے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی انگلش ٹیم نے گھر میں54 میں سے24 ٹسٹ میں پاکستان کو شکست دی ہے۔ انگلینڈ12 میچوں میں ہارا جبکہ18 ٹسٹ ڈرا کھیلے گئے ۔دو طرفہ سیریز کے تعلق سے دونوں ٹیمیں اب تک 25 بارآمنے سامنے آچکی ہیں۔ اس دوران انگلینڈ نے8 میں شکست کھاتے ہوئے9 سیریز جیتی ہیں۔8 سیریزڈرا کھیلی گئیں۔ اسی کے ساتھ ہی انگلینڈ نے گھر میں15 میں سے7 ٹسٹ سیریز میں پاکستان کو شکست دی ہے ۔ ٹیم تین میں ہاری جبکہ سیریز میں 5 ڈرا ہوئیں۔ساؤتھمپٹن میں میچ کے دوران موسم آبر آلود رہنے کی امیدکی گئی ہے جبکہ پانچوں دن بارش کا امکان ہے ۔بارش کے سبب میچ نتیجہ خیز ثابت نہ ہونے کی صورت میں پاکستان کا سیریز میں فتح کا خواب ادھورا رہ جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے دہائیوں بعد انگلینڈ میں سیریز جیتنے کا خواب دیکھا جا رہا تھا، جو اب ممکنہ طور پر ادھوار ہی رہ جائے گا۔ روز باؤل کی پچ ہمیشہ اسپنرز کے لئے مددگار ثابت ہوتی ہے ۔ توقع ہے کہ فاسٹ بولروںکو بھی یہاں مدد ملے گی۔ یہاں آخری میچ ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین ہوا تھا جس میں اسپنر معین علی نے9 وکٹیں لی تھیں۔ یہاں جو ٹیم ٹاس جیتتی ہے وہ پہلے بیٹنگ کرنا پسند کرے گی۔ اس گراؤنڈ پر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کی کامیابی کی شرح50 فیصد ہے ۔انگلینڈ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کو پہلے ٹسٹ میچ میں شکست دینے کے بعد ان کی ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم فارم میں ہے اور پاکستان کو دوسرے ٹسٹ میں بھی شکست دیکر 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرے گی۔