انگلینڈ تین مقامات پر سیریز منعقد کرنے کا خواہاں

   

کراچی۔20 اپریل(سیاست ڈاٹ کام)کورونا وائرس کی وجہ سے انگلش کرکٹ بورڈ اپنی انٹرنیشنل سیریز تین ایسے مقامات پرکروانے پر غور کررہا ہے جہاں میدان کے ساتھ ہوٹل بھی موجود ہیں۔ تینوں میدانوں میں میچ تماشائیوں کے بغیر ہوں گے۔ اگر یہ تجویز قابل عمل ہوئی تو اس سال لارڈز اور اوول کے تاریخی گرائونڈز میں کوئی بین الاقوامی میچ نہیں ہوسکے گا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ای سی بی اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر ، ہیڈنگلے لیڈز اور روز ساوتھمپٹن میں میچ کروانے کی تجویز پر غورکرہا ہے۔ تینوں پر ہی ہوٹل اور ٹریننگ کے تمام سہولیات موجود ہیں اور تینوں مستقل ٹسٹ سینٹرز بھی ہیں۔ ای سی بی کے مطابق تینوں مقامات میں کرکٹ بند دروازے میں کروائی جائے گی۔ اس سیزن کے دوران انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز ، آسٹریلیا ، پاکستان اور آئرلینڈ کی میزبانی کرنی ہے۔ پاکستان کو تین کے بجائے چار ٹسٹ کھیلنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اگر یہ تجویز قابل عمل ہوئی تو انگلش سیزن کا نیا پروگرام جاری کیا جائے گا۔ اس وقت تک انگلینڈ میں کرکٹ سیزن شروع ہونے کے امکانات کم ہیں۔