انگلینڈ دورہ کیلئے تیاری مثالی نہیں :رمیش پوار

   

ممبئی : ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ رمیش پوار نے کہا کہ انگلینڈ دورے کے لئے ٹیم کی تیاری مثالی نہیں ہے لیکن ٹیم مثبت سوچ رہی ہے۔ پوار نے انگلینڈ روانہ ہونے سے قبل ایک پریس کانفرنس میں کہا ، ہمیں ٹسٹ ، ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلنے کو مل رہا ہے ۔ یہ45 دن کا طویل دورہ ہے ۔ جسمانی طور پر تیاری کرنا ممکن نہیں ہے لیکن ذہنی طور پر مضبوط ہونے سے فرق پڑے گا۔ جب بھی میں ایک نئی ٹیم لیتا ہوں تو میںکوشش کرتا ہوں اور ایک مقصد تلاش کرتا ہوں۔ میں نے ممبئی کی ٹیم کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی کیا تھا، لیکن ہندوستانی خاتون ٹیم کے ساتھ مجھے مقصد غائب لگا۔ خاتون کھلاڑیوں کو کبھی بھی ٹی شرٹ نہیں دی گئی تھی اور نہ ہی انہیں خاتون کرکٹ کے سفر کے بارے میں بتایا گیا تھا۔ سمجھا جاتا ہے کہ رمیش پوار اور ہندوستانی خاتون ٹیم کی کپتان متھالی راج نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ2018 ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں ہندوستان کے سیمی فائنل سے باہر ہونے کے بعد ان کے درمیان عوامی طور سے تنازعہ پر سمجھوتہ ہوگیا ہے ۔ دونوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جب وہ تقریباً تین سال بعد انگلینڈ دورے کے لئے پھر سے قومی ذمہ داری پر لوٹے تو دونوں نے پوری ٹیم میں مثبت ماحول بنانے کی کوشش کی۔ اتنا ہی نہیں پوار نے ہندوستانی خواتین ٹیم کے سبھی کھلاڑیوں کو خصوصی جرسی سونپنے کے لئے ایک تقریب کا بھی انعقادکیا تھا۔ ٹیم میں کئی کھلاڑی کیریر کا پہلا ٹسٹ میچ اورکچھ کھلاڑی چار سال بعد اپنا پہلا ٹسٹ کھیلنے کے لئے تیار ہیں۔ تقریب سے پہلے انہوں نے خواتین کرکٹ کی تاریخ اور ان لوگوں کے سفر کے بارے میں بتایا جنہوں کرکٹ کی موجودہ نسل کے لئے راہ ہموار کی۔ پورا نے کہا کہ جب آپ ہندوستان کی ٹی شرٹ پہنتے ہیں تو آپ کے پاس ایک مقصد ہونا چاہئے ۔ یہ سمجھنے کے لئے کہ آپ یہ کھیل کیوں کھیل رہے ہیں، آپ اس ٹیم کے آس پاس کیوں ہیں اورآگے کیا ہدف ہے ۔ اگر آپ کے پاس کوئی ہدف نہیں ہے تو آپ ٹیم میں ایسا ماحول نہیں بناسکیں گے اور طویل وقت تک مسلسل کارکردگی نہیں کرسکیں گے ۔ یقینی طور پر میں پوری دنیا میں اور زیادہ ٹسٹ میچ چاہتا ہوں اور یہ ایک اچھی شروعات ہے ۔ یادرہے کہ ہندوستانی ٹیم اب ایک طویل دورہ کیلئے انگلینڈ جانے کیلئے تیار ہے۔