انگلینڈ سے شکست پر سابق پاکستانی کھلاڑیوں کا سخت ردعمل

   

لاہور۔ مانچسٹر ٹیسٹ میں شکست کے بعد وسیم اکرم سمیت پاکستان کے سابق کھلاڑیوں نے کپتان اظہر علی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اظہرعلی کو کئی مواقع ملے لیکن وہ فائدہ نہیں اٹھا سکے جس کے سبب شکست سے شائقین کرکٹ اور پاکستان ٹیم کو تکلیف ہوئی ہوگی ۔ سابق کپتان وسیم اکرم نے پہلے ٹیسٹ میں شکست پر کپتان اظہرعلی کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن ہمارے کپتان نے موقع کھو دیا ۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک اظہرعلی کی کپتانی کا تعلق ہے انہیں کئی مواقع ملے لیکن وہ فائدہ نہ اٹھاسکے ، جب کرس ووکس بیٹنگ کے لیے آئے تو انہیں سیٹ ہونے دیا گیا نہ باؤنسرز نہ شارٹ بالزکرائے گئے جس کی وجہ سے پارٹنرشپ بن گئی توکچھ بھی کارآمد نہ رہا اور میچ ہاتھ سے نکل گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم قدرتی صلاحیتیوں، غیریقینی اور اٹیک کا نام ہے ، ہم کاؤنٹی بولرز نہیں ہیں جو آئیں اور سارا دن لائن اینڈ لینتھ پر بولنگ کریں۔ وسیم اکرم نے کہا کہ 17 سالہ نسیم شاہ کی اسپیڈ 90 میل فی گھنٹہ اور 20 سالہ شاہین آفریدی کی 88 میل فی گھنٹہ ہے ، صورتحال کچھ بھی ہو انہیں 18،20 اوورز کرنے چاہئے تھے ۔ پاکستان کے ہیڈ کوچ مصباح الحق یہاں انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی ٹیم کی بیٹنگ سے خوش نہیں ہیں ۔ جس طرح ان کی ٹیم نے انگلینڈ کو ہدف حاصل کرنے کا موقع دیا وہ مصباح کے لئے زیادہ مایوس کن تھا۔تین میچوں کی سیریز میں 1-0 سے پچھڑنے کے بعد مصباح نے کہا کہ ہم بہت مایوس ہیں کہ ہم نے انگلینڈ کو پانچ وکٹیں لینے کے بعد واپسی کرنے کا موقع فراہم کیا۔ جس طرح بٹلر اور ووکس نے ہمارے بالرز پر جوابی حملہ کیا وہ حیرت انگیز تھا۔